• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب حکومت بھی سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی حامی



پنجاب حکومت نے وفاق کے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کے فیصلے کی حمایت کردی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کے صدارتی ریفرنس پر صوبائی حکومت کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ہے۔

پنجاب حکومت کے جواب میں کہا گیا کہ ماضی کے سینیٹ انتخابات میں اراکین اسمبلی اپنے ذاتی مفاد کےلیے پارٹی ڈسپلن کے خلاف ووٹ دیتے رہے ہیں۔

جواب میں مزید کہا گیا کہ اراکین اسمبلی کے اس اقدام سے جمہوریت کے اصولوں کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔


صوبائی حکومت کے جواب میں بتایا گیا کہ اراکین اسمبلی کا انتخاب عوام کے ووٹوں سے کیا جاتا ہے اور یہی منتخب اراکین سینیٹرز کا انتخاب کرتے ہیں۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے پنجاب حکومت کے جواب میں کہا گیا کہ سینیٹ کے الیکشن کا طریقہ کار دیگر انتخابات سے مختلف ہے۔

جواب میں بتایا گیا کہ صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ اور اسپیکرز کے الیکشنز آئین کے تحت ہوتے ہیں جبکہ سینیٹ انتخابات سے متعلق کوئی طریقہ کار موجود نہیں۔

جواب میں کہا گیا کہ سینیٹ انتخابات الیکشن ایکٹ کے تحت ہوتا ہے، اراکین اسمبلی اپنے ذاتی مفاد کے لیے پارتی ڈسپلن کے خلاف ووٹ دیتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے اپنے جواب میں کہا کہ پارٹی پالیسی کی مخالفت کرنے والے ارکان اسمبلی استعفے دے سکتے ہیں، ووٹوں کی فروخت سے بہتر ہے کہ وہ استعفیٰ دے دیں۔

سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر کرانے کے صدارتی ریفرنس پر دو صوبائی حکومتوں نے جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیے ہیں، پنجاب حکومت سے خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کے فیصلے کی حمایت میں جواب جمع کرایا تھا۔

تازہ ترین