• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین میں حادثات کی روک تھام کے لئے ٹریفک قوانین میں سختی

سڑکوں پر ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لئے اسپین میں ٹریفک قوانین کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق دوران ڈرائیونگ موبائل ہاتھ میں رکھنے پر 500 یوروز جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس میں سے 6 پوائنٹس کی کٹوتی ہوگی، اس سے کوئی غرض نہیں کے آپ موبائل پر بات کر رہے تھے یا نہیں۔ 

سیٹ بیلٹ، ہیلمٹ یا چھوٹے بچوں کے لیے مخصوص سیٹ کے استعمال نہ کرنے پر ڈرائیونگ لائسنس کے 3 سے 4 پوائنٹس کی کٹوتی کی جائے گی۔ سڑک پر لگے ہوئے ریڈار کوچیک کرنے کے لیے اپنی گاڑی میں ڈیوائس کا استعمال کرنے پر 500 یورو جرمانہ اور ڈرائیونگ لائسنس سے 3 پوائنٹس کاٹ لئے جائیں گے۔

مخصوص سڑکوں پر اوور ٹیکنگ کے لیے 20 کلو میٹر رفتار بڑھانے کی اجازت کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔ ڈرائیونگ لائسنس سے کاٹے گئے پوائنٹس کو واپس لانے کا کورس کرنے سے اب تما م نہیں بلکہ صرف2 پوائنٹس واپس حاصل کیے جا سکیں گے، جبکہ پہلے کل 8 پوائنٹس واپس حاصل کیے جا سکتے تھے۔ 


پہلے ڈرائیونگ لائسنس کے ضائع کردہ پوائنٹس کوواپس لانے کے لیے بہت تھوڑی مدت انتظار کرنا پڑتا تھا، لیکن نئے ٹریفک قوانین کے تحت اب ہر قسم کے پوائنٹس کوواپس لانے کے لیے 2 سال تک محفوظ اور بغیر غلطی کئے ڈرائیونگ کرنا ہوگی۔

ڈرائیونگ لائسنس کے پوائنٹس واپس لینے کے لئے دیئے جانے والے امتحان کے دوران نقل کی غرض سے کسی بھی قسم کے ذرائع کے استعمال پر 500 یوروز جرمانہ اور 6 ماہ تک دوبارہ امتحان میں نہ بیٹھنے کی سزا بھگتنا ہو گی۔

جنوری 2021 سے برقی اسکوٹر Patinete یا اس سے ملتی جلتی گاڑی فٹ پاتھ یا پیدل چلنے کے لیے مخصوص کیے گئے زون میں لے جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس کے علاوہ برقی اسکوٹی کے ساتھ شہر سے باہر جی ٹی روڈ پر جانا اور سرنگ سے گذرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

تازہ ترین