• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ویکسین سے متعلق ایشیائی باشندوں کی غلط فہمیوں کے تدارک کی کوششیں

لندن (پی اے) لنکا شائر میں مقیم ایشیائی باشندوں میں کورونا ویکسین کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے مہم شروع کردی گئی ہے۔ ایک ٹیچر ان غلط فہمیوں کو دور کرنے کیلئے بچوں کے ساتھ مل کر ویڈیوز بنا رہا ہے جس میں کورونا ویکسین کے بے ضرر اور مفید ہونے کا یقین دلانے کی کوشش کی گئی ہے، حال ہی میں ایک اسٹڈی کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ بعض نسلی اقلیتوں کوویکسین نہ لگوانے کی تلقین کرتے ہوئے ویکسین کے بارے میں غلط میسجز دئے گئے تھے۔پریسٹن سے تعلق رکھنے والی نیتل پاریکھ کاخیال ہے کہ بعض معمر افراد کی جانب سے ویکسین لگوانے سے انکار یا گریز کی ایک بڑی وجہ زبان سے ناواقفیت بھی ہے۔ان کاکہناہے کہ بہت سوں کو گمراہ کیاگیا کیونکہ ان کو اس بارے میں زیادہ کچھ معلوم نہیں تھا۔36 سالہ خاتون نے نوعمر بچوں کی کچھ ویڈیوز جمع کی ہیں جن میں بچے اپنے دادا ،دادی ،نانا نانی کو جنوبی ایشیا کی مختلف زبانوں جن میں گجراتی، ہندی ،پنجابی اور اردو شامل ہے میں ویکسین لگوانے کی ترغیب دیتے نظر آتے ہیں ۔خاتون کاکہناہے کہ ان ویڈیوزکو بڑے پیمانے سوشل میڈیا پر وائرل کیاجارہاہے کہ میسیج کی سائٹ پر بھی ڈالا جارہاہے تاکہ ویکسین کے بارے میں غلط فہمیوں اورغلط اطلاعات کا خاتمہ کیاجاسکے ،پبلک ہیلتھ سے متعلق رائل سوسائٹی کے مطابق 57 فیصد سیاہ فام ،ایشیائی اور نسلی اقلیتوں (BAME) سے تعلق رکھنے والے لوگوں نےجبکہ 79فیصد سفید افراد نے ویکسین لگوانے پر آمادگی کااظہار کیاہے۔ ویکسین سے متعلق غلط فہمیاں دور کرنے کیلئے قائم کی گئی ٹاسک فورس میں پریسٹن کی ایون ہیم سرجری سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عارف داسو نے بتایا کہ ایشیائی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بعض مریض کورونا کی ویکسین کے حوالے سے اندیشوں اور تشویش میں مبتلاہیں جس کی وجہ سے وہ ویکسین لگوانے سے ہچکچا رہے ہیں۔اس کاسبب ایسی ویڈیوز وائرل کی جانا ہے جن میں ویکسین کے بارے میں ایسےبے بنیاد منفی اورگمراہ کن تاثرات دئے گئے ہیں جن کی سائنس میں کوئی توضیح موجود نہیں ہے ۔انھوں نے کہا کہ لوگوں میں اعتماد پیداکرنے کیلئے آگاہی بڑھانے کی بڑی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا کہ ایون ہیم سرجری میں کمیونٹی کو ویکسین کے فوائد سے آگاہ کرنے کیلئے مختلف زبانیں بولنے والے ماہرین کی ایک ٹیم موجود ہے یہ ماہرین لوگوں کو ویکسین کے فوائدبتارہے ہیں ،اور ویکسین کے حوالے سے ان کے سوالوں کے جواب دے رہے ہیں ، ایک شخص سراج بخش جس والدین جن میں دونوں کی عمریں 81سال ہیں وہ پہلے افراد تھے جنھوں نے ویکسین لگوائی،والدین کو ویکسین لگوانے کے بعد سراج بخش نے کہا کہ اب مجھے بڑا سکون ملاہے کیونکہ میری والدہ اور والد دونوں ہی کی عمر یں بہت زیادہ ہیں اور وہ بہت کمزور بھی ہیں انھوں نے کہا کہ میرے والدین کی دیکھ بھال کون کرتا ؟۔انھوں نے کہا کہ لوگوں کو پریشان نہیں ہونا چاہئے کیونکہ اس ویکسین کی جانچ پڑتال ہوچکی ہے اور یہ ہر اعتبار سے محفوظ ہے،کورونا ویکسین کی تقسیم کے ذمہ داروزیر رکن پارلیمنٹ ندیم ضحاوی کا کہناہے کہ BAME کمیونٹیزکو جنھیں کورونا سے زیادہ خطرہ ہے ویکسین کے فوائد سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔این ایچ ایس نے ویکسین کے فوائد کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کیلئے ویکسین لگانے کے حوالے سے ٹارگیٹیڈ ایڈوائس اور معلومات عامہ فراہم کی ہیں۔

تازہ ترین