جنوبی افریقا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کےلئے پاکستان کے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا، کپتان بابر اعظم انجر ی سے نجات پانے کے بعد ٹیم میں شامل کرلئے گئے، 36 سالہ تابش خان کو پہلی بار اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے ۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کے خلاف 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ۔
ٹیم میں کپتان بابر اعظم، نائب کپتان محمد رضوان کے علاوہ عابد علی، عمران بٹ، اظہر علی، فواد عالم ، سرفراز احمد، فہیم اشرف ، یاسر شاہ ،شاہین آفریدی، عبد اللہ شفیق ، آغا سلمان ، سعود شکیل ، کامران غلام ، نعمان علی ،حمد نواز ،ساجد خان ، تابش خان ،حسن علی اور حارث روف شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ امام الحق ریڈ بال کے کھلاڑی نہیں ہیں وہ انجری کا بھی شکار ہیں جبکہ شاداب خان اور نسیم شاہ فٹنس کی وجہ سے باہر ہیں ۔
محمد وسیم نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے ایک بڑی ٹیم پاکستان کا دورہ کررہی ہے، ہر کھلاڑی کو ان کی پرفارمنس دیکھ کر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، فاسٹ بولر حسن علی نے اچھا کم بیک کیا اور کارکردگی دکھائی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ سعود شکیل ہرلیول پر پرفارمنس دے کر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے،آغا سلمان بہتر حکمت عملی کے ساتھ کھیلتے ہیں بولنگ بھی کرلیتے ہیں،نعمان علی نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا وہ ونر کھلاڑی ہے ۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ کامران غلام نے سب سے زیادہ رنز بنائے ٹیم میں ان کی جگہ بنتی ہے ،جبکہ ساجد خان بہترین آف اسپنرہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا ۔