سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم کو اہم مشورہ دے دیا ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب میں عاقب جاوید نے کہا کہ نئے چیف سلیکٹر ایسے فیصلے نہ کریں کہ لگے تنقید کے دباؤ میں کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ تابش خان کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت کی خوشی ہوئی لیکن فیصلوں میں تسلسل ہونا چاہیے۔
سابق فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ حارث رؤف ہمارا کھلاڑی ہے لیکن 3 فرسٹ کلاس میچز کے بعد کھیلنا تھوڑی جلدی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کو عزت دو یہ تو اچھی چیز ہے لیکن تسلسل ہونا چاہیے، عبداللّٰہ شفیق کو ٹیم میں ایک اننگز کی بنیاد پر رکھا۔
عاقب جاوید نے یہ بھی کہا کہ چیف سلیکٹر فیصلے سوچ سمجھ کر کریں، اسی کا فائدہ ہوگا، ہم تو غلط کاموں کی نشاندہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق نے پہلے ہی زیادہ عہدے لے کر غلط کیا، کوچ اُسے لانا چاہیے تھا، جس کی سی وی مضبوط اور کورسز کیے ہوئے ہوں۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ کسی کے معاہدے کے درمیان میں ختم کرنا درست نہیں ہوتا، اگر معاہدہ ختم کرنے کی نوبت آئی ہے تو جو لائے ہیں ان سے پوچھنا چاہیے۔
اس موقع پر سی ای او لاہور قلندر عاطف رانا نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہائی پرفارمنس سینٹر میں تاخیر ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کا مقصد کھلاڑیوں کو ایک چھت تلے جدید سہولیات دینا ہے۔