• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی ناکامی برداشت سے باہر ہے، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناکامی برداشت سے باہر ہے، پاکستان کے عوام تاریخی مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں، حکومت نے غریب عوام کو مشکل حالات میں لاوارث چھوڑ دیا ہے۔

 کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پٹرول کی قیمت چار، چار بار بڑھانا ظلم اور ناانصافی ہے، حکومت نے مسلسل غریب دشمن پالیسی اپنائی ہے، حکومت کے خلاف معاشی صورتحال سنجیدہ چارج شیٹ ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان خطےمیں واحد ملک ہےجس کا گروتھ ریٹ منفی میں ہے، پاکستان کا گروتھ ریٹ منفی میں جانا شرمناک بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام پالیسی ناکام ہوچکی ہے، حکومت کو معلوم ہی نہیں ہے کہ عام آدمی کن مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل کے 10 ہزار ملازمین کو بیروز گار کر دیا ہے، اس طرح کا ظلم کب تک جاری رہے گا۔


پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت نے سندھ کے اسپتالوں کو زبردستی ضبط کرنے کا آرڈیننس نکالا ہے، کے پی اور پنجاب میں صحت کا نظام بیٹھ چکا ہے، آرڈیننس سے ڈاکٹرز کنٹریکٹ ملازم بن جائیں گے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت ہر فورم پر عوام سے زیادتی کررہی ہے، عوام کیوں حکومت کی معاشی پالیسی کی وجہ سے مشکلات سے دوچار ہو؟۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پورے ملک کو گیس فراہم کرتا ہے، سندھ کو گیس سے محروم رکھا جارہا ہے، سندھ کوضرورت کےمطابق گیس نہیں دی جارہی، سندھ میں روزگار کی صورتحال کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم کو استعفیٰ دینا چاہیے، ناجائز وزیراعظم کی وجہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہے، ناجائز وزیر اعظم کی وجہ سے پورے ملک میں بلیک آؤٹ ہوگیا۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ حکومت نے آج تک جواب نہیں دیا کہ بلیک آؤٹ کیوں ہوا، حکومت ہر شعبے کو تباہ کر رہی ہے، پہلے حکومت نے جعلی ڈگری کا کہہ کر پی آئی اے کو بیٹھا دیا، ملائیشیا میں پی آئی اے کے طیارے کو تحویل میں لیا گیا کیونکہ لیز نہیں ادا کی گئی۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان آج جہاں کھڑا ہے، تاریخ میں اس مقام پر نہیں تھا، کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے حکومت آج بھی کوئی قدم اٹھانے کو تیار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جلد لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان میں کورونا سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، پاکستان نے ویکسین کی امپورٹ کا بندوبست نہیں کیا، خطے کے دیگر ممالک کورونا ویکسین کی امپورٹ کا کام تیزی سے کر رہےہیں، ہمیں لگ رہا ہے کہ کورونا ویکسین کیلئے ہمیں بہت انتظار کرنا پڑے گا۔

بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ حکومت صرف اور صرف پرائیویٹ سیکٹر کو ویکسین کی اجازت دے گی، ہماری معاشی صورتحال، صحت کا شعبہ، ہر جگہ حکومت ناکام رہی ہے۔

تازہ ترین