لیجنڈری بھارتی کلاسیکل موسیقار اور پدما شری ایوارڈ یافتہ استاد غلام مصطفیٰ خان انتقال کرگئے۔
عظیم موسیقار کے انتقال کی خبر لتا منگیشکر نے ٹوئٹر پر بریک کی جس کے بعد ان کے انتقال کی اطلاع عام ہوئی۔
لتا منگیشکر نے مصطفیٰ خان کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے ابھی ابھی خبر ملی ہے کہ عظیم کلاسیکل موسیقار استاد غلام مصطفیٰ خان صاحب اس دنیا میں نہیں رہے۔
انھوں نے یہ بھی لکھا کہ مجھے ان کے انتقال سے دلی صدمہ اور دکھ ہوا ہے۔
لتاجی نے اپنے ٹوئٹ پر مزید کہا کہ وہ گائیک تو اچھے تھے ہی مگر ساتھ ساتھ وہ بہت اچھے انسان بھی تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ میری بھانجی نے بھی خان صاحب سے سنگیت سیکھا ہے، جبکہ میں نے بھی تھوڑا ان سے سنگیت سیکھا تھا، انکے انتقال سے اس فن کو بہت نقصان پہنچا ہے، میں انھیں دلی خراج عقیدت پیش کرتی پیش کرتی ہوں۔
ادھر گلوکار و موسیقار اے آر رحمان نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ استاد غلام مصطفیٰ خان نہایت ہی مہربان اور اچھے استاد تھے، اللّٰہ تعالیٰ غفور رحیم انھیں اگلے جہاں میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
اطلاعات کے مطابق مرحوم کی تدفین اتوار کی شام کو کرنا طے پائی تھی اور انھیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سانتا کروز ویسٹ قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔