لاہور کی سیشن عدالت میں علی ظفر کے میشا شفیع کےخلاف سو کروڑ کے ہتک عزت دعوے کی سماعت کے دوران میشا شفیع کی گواہ عفت عمر سے یوسف رضا گیلانی، رحمان ملک اور سنتھیا سے متعلق سوالات کیے گئے۔
ہتک عزت دعوے کی سماعت کے دوران وکیل علی ظفر نے عفت عمر سے جرح کی کہ آپ یوسف رضا گیلانی اوررحمان ملک کو جانتی ہیں، رحمان ملک اور سنتھیا رچی کیس سے متعلق جانتی ہیں؟
اس کے جواب میں عفت عمر نے کہا کہ جی میں یوسف رضا گیلانی اور رحمان ملک کو جانتی ہوں، سنتھیا رچی کیس کا سنا ہے، سنتھیا رچی نے جنسی ہراسگی کا الزام لگایا۔
کمرہ عدالت میں عفت عمر کے سنتھیا رچی کیس سے متعلق بیان کی ویڈیو چلا دی گئی، عفت عمر کے بیان کی ویڈیو کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔
عفت عمر نے کہا کہ پروگرام میں کہا تھا کہ سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کیلئے الزام لگایا، سنتھیا رچی کا الزام سیاسی اسٹنٹ ہونے کا بیان بھی دیا تھا، پروگرام کے وقت میں سمجھتی تھی سنتھیا رچی جھوٹی ہے۔
وکیل علی ظفر نے عفت عمر سے سوال کیا کہ آپ ایل جی ایس کی طالبات کے حق کیلئے کیوں سامنے نہیں آئیں، طالبات نے عمیر رانا کے خلاف شکایت درج کروائی تھیں۔
اس پر عفت عمر نے کہا کہ ایل جی ایس کی طالبات خود سامنے نہیں آئی تھیں اس لئے سپورٹ نہیں کیا، مجھے پتہ نہیں کہ کب طالبات نے شکایت درج کروائیں۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ آپ جھوٹ بول رہی ہیں یہ سارا معاملہ میڈیا پر بھی آیا تھا، جس پر عفت عمت نے کہا کہ معاملہ میڈیا پر آیا تھا مگر طالبات تو سامنے نہیں آئیں۔
وکیل نے کہا کہ یعنی سنتھیا رچی غلط، عمیر رانا ٹھیک، علی ظفر کو غلط قرار دینا آپ کی ذاتی پسند و نا پسند ہے؟
عفت نے فوراً ہی کہا کہ ایسا نہیں میشا شفیع، علی ظفر، سنتھیا رچی کے درمیان پسند نا پسند کا عنصر لا رہی ہوں۔
وکیل علی ظفر نے کہا کہ کیا آپ نے عمیر رانا کی حمایت کی تھی؟ عفت نے جواب دیا کہ میں عمیر رانا کو جانتی ہوں وہ ایکٹر ہیں۔
وکیل نے کہا کہ آپ غلط بات کر رہی ہیں، آپ نے فیس بک پر عمیر رانا کو سپورٹ کیا، آپ نے عمیر رانا کی فیس بک پوسٹ پر کمنٹ کیا تھا، آپ نے عمیر رانا کے کردار کو سپورٹ کیا تھا۔
عفت عمر نے اپنی بات پر قائم رہتے ہوئے کہا کہ میں نے کہا تھا کہ عمیر رانا کو ذاتی طور پر جانتی ہوں،کہا تھا عمیر رانا جنسی ہراسگی جیسا کام نہیں کر سکتے۔
عدالت میں عفت عمر کو فیس بک کی پوسٹ دکھا دی گئی، عفت عمر نےطالبات کو ہراساں کرنے کے الزام میں عمیر رانا کی پوسٹ پراپنے کمنٹ کو تسلیم کیا۔
بعد ازاں علی ظفر کے وکیل نے عدالت سے عفت عمر کی پوسٹ کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا بھی کی۔
کیس کی سماعت کے وقت علی ظفر کے فینز احاطہ عدالت میں پہنچ گٸے، علی ظفر کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔