• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہوسکتی، الیکشن کمیشن


فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی پر الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) نے واضح کیا ہے کہ یہ کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہوسکتی۔ 

واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم عمران خان نے چیلنج دیا تھا کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس کی سماعت اوپن ہونی چاہیے تاکہ سب کو معلوم ہوسکے کہ پی ٹی آئی کی فنڈنگ کہاں سے آتی ہے۔ 

تاہم اب ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی جاری ہے، اسکروٹنی کمیٹی کے اختیارات یا منصب ایک جے آئی ٹی کا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اسکروٹنی کمیٹی کی کارروائی عوامی سطح پر نہیں ہو سکتی، عوامی سطح پر کارروائی سے کمیٹی کو اپنا کام کرنے میں دشواری ہوگی۔


ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اسکروٹنی کمیٹی فریقین موقف کا جائزہ لینے کے بعد جامع سفارشات کمیشن کو دے گی، جس کے بعد کمیشن کھلی سماعت میں یہ سفارشات دونوں پارٹیوں کو مہیا کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن یقین دلاتا ہے کہ بغیر کسی خوف یا دباؤ کے جلد میرٹ پر فیصلہ کرے گا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ بہت ہی اہم اور حساس کیس ہے، فارن فنڈنگ کیس پر غیر ضروری اور بغیر شواہد کے تبصروں سے گریز کیا جائے۔

تازہ ترین