• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چور کا شور مچانے والا چور پکڑا جا چکا: رانا ثناء اللّٰہ


مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں کہ 3 سال سے چور کا شور مچانے والا چور پکڑا جا چکا ہے، الیکشن کمیشن میں اس نے اعترافِ جرم کر لیا ہے۔

رہنما مسلم لیگ نون رانا ثناء اللّٰہ نے لاہور کی انسدادِ منشیات کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چینی، آٹا اور ادویات ملک سے غائب ہو گئی ہیں، یہ چور ٹولہ آٹا، چینی اور ادویات چوری کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف منشیات کیس کو پونے 2 سال ہو گئے ہیں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے میرے خلاف یہ کیس بنایا گیا۔

رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ یہ پونے 2 سال میں گواہوں کے بیانات کی کاپیاں نہیں دے سکے، جعلی حکمرانوں کے خلاف ان ہی عدالتوں میں مقدمات چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اور انڈین لابی کی فرموں سے انہوں نے پیسہ لیا، فارن فنڈنگ کا پیسہ ملک کے خلاف استعمال کیا گیا۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں انہوں نے اعترافِ جرم کر لیا ہے، چیف الیکشن کمیشن کے پاس انہیں سزا دینے کے سوا کوئی آپشن نہیں۔


انہوں نے کہا کہ ثابت ہو چکا ہے کہ انہوں نے دکھی انسانیت کے نام پر پیسے اکٹھے کیئے، انہوں نے اس فنڈنگ کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا۔

رانا ثناء اللّٰہ کا مزید کہنا ہے کہ براڈ شیٹ کا مالک بھی چور ہے، وہ اِن سے ملا ہوا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو چوروں کو بھی لوٹنے والے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ نون نے یہ بھی کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد بھی آپشن ہے، جو ان کے خلاف لائی جا سکتی ہے، اتحادی پیچھے ہٹے تو ان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد بھی آ سکتی ہے۔

تازہ ترین