• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انکوائریز پر ملزمان کے اکاؤنٹ منجمد کرنا غیرقانونی قرار


اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) انکوائریز پر ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا خلاف قانون قرار دے دیا ہے۔

نیب انکوائریز پر ملزمان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سنایا اور بلال شیخ کو اکاؤنٹ استعمال کرنے کی اجازت دے دی ۔

عدالت نے قرار دیا کہ تفتیشی ایجنسی کی تاخیر کے باعث شہری کو اکاؤنٹ سے رقم نکالنے سے کیسے روکا جاسکتا ہے؟

فیصلے میں کہا گیا کہ بلال شیخ کے اکاونٹس جولائی 2019ء سے منجمد ہیں، ایسے میں ان کا گزارا بھی مشکل تھا۔


عدالت نے مزید کہاکہ برسوں تک محض الزام پر بینک اکاؤنٹس منجمد کرنا بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عدالتی حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ گناہ گار کو سزا دینا ریاست کا کام ہے تو شہری کو اپنی رقم استعمال کرنے کا حق دینا بھی ضروری ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ نیب کا انکوائری پر دفعہ 23 کے تحت اکاؤنٹ منجمد کرانا خلاف قانون ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نےکہاکہ نیب نے انکوائری پر اثاثے منجمد کرنا ہوں تو دفعہ 12 کے تحت آرڈر کرے۔

فیصلے کے مطابق سیکشن 12 چیئرمین نیب کو احتساب عدالت کی منظوری سے اثاثے، اکاؤنٹس منجمد کرنے کا اختیار دیتا ہے۔

عدالت نے فیصلے میں بلاول شیخ کی جانب سے ماہانہ 95 ہزار روپے نکلوانے کی درخواست منظور کرلی اور ساتھ ہی انہیں پابند کیا گیا ہے کہ وہ ہر ٹرانزیکشن کے ساتھ بیان حلفی دیں گے کہ یہ رقم ذاتی استعمال کے لیے ہے۔

فیصلے میں واضح طور پر کہا گیا کہ ذاتی استعمال کے علاوہ کسی اور کام کے لیے رقوم نکالی گئیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔

عدالت نے قرار دیا کہ قانون کے مطابق نیب انکوائریز، انویسٹی گیشنز جلد مکمل کرے۔

تازہ ترین