• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن عباس حیدر کا اسلام آباد ریستوران کی مالکان کو کرارا جواب

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار، میزبان و گلوکار محسن عباس حیدر نے اُردو پر انگریزی زبان کو ترجیح دینے اور منیجر کا مذاق اُڑانے پر اسلام آباد ریستوران کی خاتون مالکان کو اپنے انوکھے انداز میں کرارا جواب دے دیا۔

اس ضمن میں محسن عباس حیدر نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی۔


مذکورہ ویڈیو میں محسن عباس گاڑی چلا رہے ہیں اور اسی دوران گلوکاری بھی کررہے ہیں۔

ویڈیو کے آغاز میں محسن عباس نے کہا کہ یہ گانا اُن دونوں محترم آنٹیوں کے نام جنہوں نے اُردو کے بجائے انگریزی کو ترجیح دی۔

اُس کے بعد اداکار نے معروف گلوکار ابراالحق کے مقبول ترین گانے ’سانو تیرے نال پیار ہوگیا‘ کے چند بول یوں گنگنائے:

دل دی گل کہنی چایہدی
دل وچ رکھنی نہیں چایہدی
بول ودیشی بولی اپنی
بولی بھلنی نہیں چایہدی
نہیں چایہدی 
نہیں چایہدی

محسن عباس نے یہ بول گنگنانے کے بعد ریستوران مالکان سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’آنٹی آپ دونوں سمجھیں یا نہیں؟‘

ویڈیو کے کیپشن میں محسن عباس نے کہا کہ ’یہ پیغام اسلام آباد ریستوران کی مالکان آنٹیوں اور اُن جیسی سوچ رکھنے والوں کے نام ہے۔‘

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خواتین جو خود کو ایک ریسٹورنٹ کا مالک بتاتی ہیں وہ اس ریستوران کے منیجر کو بلا کر اس کے ساتھ انگریزی میں بات چیت کرتی ہیں جبکہ منیجر کی انگریزی اتنی اچھی نہیں ہوتی جس پر وہ اس کا مذاق بناتی ہیں اور تمسخر اڑاتے ہوئے ہنستی بھی ہیں۔

بعدازں ریستوران کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم کے ایک رکن کے ساتھ ’ہلکی پھلکی گفتگو‘ کو لوگوں کی جانب سے غلط انداز میں لیے جانے پر افسوس اور حیرانی ہے۔

تازہ ترین