• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارے کی آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ ہوجائے گی، وفاقی وزیر ہوابازی

وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ملائیشیا میں ضبط پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) طیارے کی آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ ہوجائے گی۔ 

ٹیکسیلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ عدالت سے باہر اس معاملے کو حل کیا جائے گا جبکہ سیٹلمنٹ کے بعد بقایات جات دیں گے اور جہاز واپس لائیں گے۔

وفاقی وزیر ہوابازی کا کہنا تھا کہ یہ لین دین کا معاملہ ہے، اس میں تاخیر کورونا وائرس کے باعث ہوئی۔

غلام سرور خان نے کہا کہ دنیا میں ایوی ایشن انڈسٹری دباؤ میں ہے، کئی ائیر لائنز ڈیفالٹ کر چکی ہیں۔

انھوں نے قومی ایئرلائنز پر بڑھتے ہوئے قرض پر سوال کیا کہ کیا پی آئی اے کو 462 ارب روپے کا مقروض کرنا میری نا اہلی تھی؟


ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول کی سوچ کو سراہتا ہوں، جمہوریت میں جمہوری راستے ہی اپنائے جاتے ہیں۔

غلام سرور خان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیرِاعلیٰ پنجاب یا وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں تو ضرور لائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کا پارلیمنٹ کے باہر بھی مقابلہ کیا اور پارلیمنٹ کے اندر بھی مقابلہ کریں گے۔

غلام سرور خان نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن احتجاج کے بجائے انتخابی اصلاحات کے لیے مل کر کام کرے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں ترمیم نہ کرنے سے سارے چور اکٹھے ہوگئے۔

تازہ ترین