• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں پارلیمانی پارٹی کیلئے نواز شریف کا خاص پیغام لائی ہوں، مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ نون کی نائب صدر  مریم نواز  نے کہا ہے کہ وہ پارلیمانی پارٹی کے لیے نواز شریف کا خاص پیغام لائی ہیں، نواز شریف کا پیغام یہ ہے کہ حکومت مکمل ناکام ہو چکی ہے۔

حکومت کو اب این آر او نہیں ملے گا جبکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت کروں گی۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو اب این آر او نہیں ملے گا جبکہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت کروں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس میں عدم اعتماد کا معاملہ زیر بحث لائیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا کہ حکومت کے آخری دن ہیں، حکومت کی نالائقی اور نااہلی نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

اُنہوں نے قومی ایئرلائن کے حوالے سے کہا کہ آپ نے دیکھا کہ پی آئی اے میں کیا ہوا، عالمی تنظیمیں کہہ رہی کہ پی آئی اے میں سفر نہیں کرنا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ پی آئی اے کے پائلٹس کو ڈگریوں کے معاملے پر بدنام کیا گیا، لیز کی عدم ادائیگی پر ملائیشیا میں جہاز کو روک دیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے اندر آگاہی اپوزیشن نہیں بلکہ حکومت کی اپنی کارکردگی لاتی ہے، حکومت کی کارکردگی سامنے ہے ہر روز مہنگائی کا طوفان آتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کے 73 سال میں جو ناکامی نہیں ہوئی وہ ڈھائی سال میں سامنے آئی، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چوری ہونے کا الگ واقعہ نہیں، 2018 کے انتخابات بھی چوری ہوئے تھے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کے پاس تمام آپشنز موجود ہیں، اپوزیشن کی یہ منتیں کرنے آئے تھے لیکن اپوزیشن کوئی تعاون نہیں کرے گی۔

مریم نواز نے ملک میں بڑھتی مہنگائی سے متعلق کہا کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں کہاں پہنچ چکی ہیں۔ 

اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے مناسب وقت پر استعفوں کا آپشن بھی استعمال کرے گی۔

مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے کہا کہ بلاول بھٹوکی بات پی ڈی ایم اجلاس میں سامنے آئے گی تو دیکھیں گے، وقت آنے پر استعفے بھی دیں گے اور لانگ مارچ بھی ہوگا۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کی بجائے اپنے اراکین کی فکر کرے، حکومت نے پورا ملک گروی رکھوا دیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ نہیں بتاسکتی کہ حکومتی وزراء اپوزیشن کے پاس کیا لینے آئے تھے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ سارا پاکستان ن لیگ کے ٹکٹ کےلیے درخواست دے گا ان کا کوئی ٹکٹ نہیں لے گا۔

تازہ ترین