• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے نانا کہا کرتے تھے کہ تم پاکستان کیلئے ضرور کھیلو گے: نعمان علی

جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے نعمان علی نے کہا کہ میرے نانا کہا کرتے تھے کہ تم پاکستان کیلئے ضرور کھیلو گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں نعمان علی نے ٹیسٹ کیپ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

ٹیسٹ کیپ ملنے پر گفتگو کرتے ہوئے نعمان علی نے کہا کہ ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے کے لیے زندگی بھر محنت کی، جو آج وصول ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ اب پوری کوشش ہوگی کہ قومی ٹیم میں بھی پر فارم کروں۔

نعمان علی نے کہا کہ ’میرے نانا مجھے کہا کرتے تھے کہ تم پاکستان کے لیےکھیلو گے، آج ان کا یہ خواب پورا ہوا، میرے ٹیسٹ ڈیبیو پر پوری فیملی، والدین بہت خوش ہیں۔‘

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ سے قبل لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ڈیبیو کرنے والے لیگ اسپنر نعمان علی کو ٹیسٹ کیپ دی۔

نعمان علی اس سال ناردن کی طرف سے کھیلتے ہوئے قائداعظم ٹرافی میں 61 وکٹیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔


انہوں نے چھ مرتبہ اننگز میں پانچ یا زیادہ وکٹیں حاصل کیں جبکہ وہ تین بار میچ میں دس یا زیادہ وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

نعمان علی فرسٹ کلاس کرکٹ میں حیدر آباد کے آرایل اور ناردن کی ٹیموں کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ یو بی ایل کی طرف سے گریڈ ٹو کرکٹ کھیلتے رہے ہیں، وہ پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی طرف سے بھی کھیل چکے ہیں۔

تازہ ترین