کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کراچی کے ساحل تک جلدی پہنچنے اور علاقے میں ٹریفک کے رش کے خاتمے کے لئے ماڑی پور ایکسپریس وے منصوبے کو 2سال میں مکمل کرنے کی منظوری دے دی ،یہ منظوری جمعرات کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ 32 ویں پبلک پرائیویٹ پالیسی (پی پی پی) بورڈ میٹنگ میں دی گئی میٹنگ میں پی پی پی موڈ کے تحت لنک روڈ تا کورنگی ، حب واٹر سپلائی 3 ایم جی ڈی واٹر سپلائی دھابیجی سے خصوصی اقتصادی زون ، لیاری سیوریج سسٹم، ایل ڈی اے اسکیم ، پانچ ایم جی ڈی سیلینیشن پلانٹ اور نبی سر تا واجیرا کینال کی تعمیر کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔جس میں صوبائی وزراء ، نثار کھوڑو ، سردار شاہ ، امتیاز شیخ ، اویس شاہ ، ناصر شاہ ، سہیل انور سیال ، مرتضیٰ وہاب ، ایم پی اے غلام قادر چانڈیو ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قاضی شاہد پرویز ، وائس چانسلر این ای ڈی اور دیگر متعلقہ صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی۔