• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن ستمبر میں کرانے کی تجویز سامنے آگئی


تحریک انصاف کی حکومت والے صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات رواں برس ستمبر میں کرانے کی تجویز سامنے آگئی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات سے متعلق مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا نے اپنی تجاویز پیش کیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت نے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں دونوں صوبوں میں بلدیاتی الیکشن ستمبر میں کرانے کی تجویز دے دی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے الیکشن کمیشن کو صوبے کے 9 ڈویژنز میں 3 مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی ہے۔


دوسری طرف خیبرپختونخوا حکومت نے بھی صوبے میں ستمبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دی۔

ذرائع کے مطابق دوران اجلاس الیکشن کمیشن نے تنبیہ کی کہ اگر صوبوں نے بلدیاتی الیکشن کے لیے بروقت اقدامات نہ کیے تو ہم پرانے قوانین پر بلدیاتی انتخابات کرادیں گے۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کی طرف سے وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکریٹری اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شریک ہوئے۔

الیکشن کمیشن کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی صوبائی وزیر اکبر ایوب، چیف سیکریٹری، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے کی۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن پنجاب اور خیبرپختونخوا کی تجاویز کا جائزہ لے کر صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے گا۔

سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن سے 4 فروری کو پنجاب اور کے پی میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں پر رپورٹ طلب کررکھی ہے۔

الیکشن کمیشن منگل کوسندھ، بلوچستان اور اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات پر اجلاس منعقد کرے گا۔

تازہ ترین