• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیرکونسل یورپ جمعرات کو آن لائن عالمی کانفرنس منعقد کرے گی

برسلز (نمائندہ جنگ ) کشمیرکونسل یورپ چار فروری کو عالمی آن لائن کانفرنس منعقد کرے گی۔ "کشمیریوں کو آواز دی جائے اور یکجہتی کی اہمیت کے عنوان سےزندگی کے مختلف شعبوں اور اقوام عالم بشمول یورپ اور کشمیر سے تعلق رکھنے والے ماہرین، دانشور، تجزیہ کار اور صحافی اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اس کانفرنس کا مقصد کشمیریوں سے یکجہتی کو عالمی فورموں پر اجاگر کرنے کے لیے راستے تلاش کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس کانفرنس کے ذریعے یہ بات زیر بحث لائی جائے کہ کس طرح عالمی سطح پر کشمیریوں سے یکجہتی اور ہمدردی میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے رہنے والے لوگوں سے عالمی سطح پر یکجہتی بہت ضروری ہے کیونکہ یہ مظلوم کشمیری سات دہائیوں سے بھارتی ظلم و ستم کا شکار ہیں اور اب ان کے مصائب مزید بڑھ گئے ہیں۔ علی رضا سید نے کہاکہ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ کسی بھی قوم کو طاقت کے زور سے زیادہ دیر تک محکوم نہیں رکھا جاسکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشیریوں کی خواہشات کا احترام کیا جائے اور ان کی آواز کو سنا جائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کو مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ہوگا اور کشمیر کے مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنا ہوگا اور خطے میں امن و امان کے لیے بات چیت کرنا ہوگی۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہا کہ دنیا اس وقت لاک ڈاؤن کا سامنا کررہی ہے اور کشمیری طویل عرصے سے ملٹری لاک ڈاؤن کے سایے میں زندگی بسر کررہے ہیں اور کرونا وائرس کی وجہ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ ان حالات میں کشمیریوں سے عالمی یکجہتی اور ہمدردی بہت ہی ضروری ہوگئی ہے۔ یہ کانفرنس یورپ بشمول بلجیم کے وقت کے مطابق، شام پانچ بجے ساڑھے چھ بجے تک اور پاکستان کے وقت کے مطابق رات نو بجے سے ساڑھے دس بجےہوگی۔
تازہ ترین