• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بختاور بھٹو کی مہندی کا جوڑا کس سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا؟

نامور پاکستانی ڈیزائنر زارا شاہ جہاں کے دیدہ زیب لباس کا بختاور بھٹو نے اپنی مہندی کیلئے انتخاب کیا تھا جو منفرد تھا، بختاور بھٹو کی والدہ بینظیر بھٹو کی تصویر کے حوالے سے بات ہو یا بینظیر کو خراج تحسین پیش کرنا ہو یا پاکستانی ثقافت کو اجاگر کرنا ہو غرض کہ بختاور بھٹو کی مہندی کا لباس ہر لحاظ سے ’پرفیکٹ‘ تھا۔

زارا شاہ جہاں کے مطابق ’بختاور بھٹو ان کے کیریئر کی سب سے آسان اور سادگی پسند دلہن تھیں۔انہوں نے کہا کہ’ میں نے محسوس کیا کہ وہ اپنی ماں کے بہت قریب رہی ہیں اور وہ انہیں اپنی شادی کا حصہ بنانا چاہتی  ہیں تو لہذا بختاور بھٹو نے دوپٹے پر خصوصی کڑھائی کی فرمائش کی۔‘


اس لباس کے حوالے سے ڈیزائنر زارا شاہ جہاں کا کہنا ہے کہ ’پہلی مرتبہ ہی بختاور بھٹو کیلئے کام کرنے کا موقع ملا کہ جب اُن کی ٹیم نے رسائی حاصل کی اور میرے حالیہ فوٹو شوٹ کا حوالہ دیا جو ایمان سلیمان کے ساتھ کیا گیا تھا۔‘

 انہوں نے کہا کہ بختاور بھٹو کی تمام تر فرمائیشیں اور ضروریات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایمان سلیمان کے جوڑے سے مشابہت رکھتے مہندی کا جوڑا تیار کیا، جوڑا تقریب کی تھیم جو کہ رنگین تھی اس کے مطابق تیار کیا گیا۔

ڈیزائنر کے مطابق ’جوڑے میں سندھی ثقافت کو بھی مدِ نظر رکھا گیا، لہنگا رنگین تھا، لہنگا بھاری ہونے کے باعث قمیص کو ہلکا رکھا گیا جس میں پھولوں پر کڑھائی کی گئی، ہر پھول میں کڑھائی کے اندر ’بختاور اور محمود‘ کی ایمبرائیڈری کی گئی۔‘

زارا کا کہنا ہے کہ ’جوڑے  کے ڈیزائن کے وقت میری اور بختاور کی ایک بھی ملاقات نہیں ہوئی ، ہاں ہم زُوم میٹنگ پر رابطہ کرتے تھے اور اس حوالے سے بات چیت کرتے تھے، میں نے کچھ جوڑے انہیں دبئی بھیجے اس کے بعد فائنل لباس تیار ہوا۔‘

زارا نے یہ بھی کہا کہ ’پاکستان کی مشہور و معروف شخصیت کا جوڑا تیار کرنا ایک اعزاز ہے ، اس سے بڑا اعزاز  یہ ہے کہ بختاور بھٹو کو وہ جوڑا پسند آیا۔‘

تازہ ترین