میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے ہیں اور ملک کے مختلف شہروں میں بھرپور احتجاج کیا گیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق میانمار کے مختلف شہروں میں لوگوں نے فوجی بغاوت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کردی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اس دوران سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں مارچ کرتے لوگوں نے فوجی بغاوت نامنظور کے نعرے لگائے۔
مظاہرین نے اس موقع پر میانمار کی سربراہ آن سان سوچی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق احتجاج کے باعث سڑکوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی جبکہ اہم مقامات پر راستے رکاوٹیں لگا کر بند بھی کیے گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے ہوائی فائرنگ کی اور متعدد افراد کو گرفتار بھی کرلیا، فوجی بغاوت کے بعد سے 160 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
میانمار میں گزشتہ ہفتے فوج نے اقتدار پر قبضہ کر کے آن سان سوچی کو حراست میں لے لیا تھا۔