• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاک اسٹار رومیسہ خان کس اداکار کی بیٹی ہیں؟

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر مزاحیہ ویڈیوز بناکر لاکھوں مداحوں کی تعریفیں سمیٹنے والی رومیسہ خان نے اپنے والد کے بارے میں ایک اہم انکشاف کیا ہے۔

حال ہی میں رومیسہ خان نے ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں میزبان نے اُن سے اُن کی زندگی سے متعلق کئی سوالات پوچھے۔

رومیسہ خان نے میزبان کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ ’اُن کے والد تنویر اختر خان ماضی کے مزاحیہ اداکار تھے، اُنہوں نے اپنی زندگی میں پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر ایک ڈرامے میں مرکزی کردار بھی کیا تھا۔‘

ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ ’میں اپنے والد کی مزاحیہ اداکاری سے بےحد متاثر تھی اور والد کی طرح مجھے بھی بچپن سے ہی مزاحیہ اداکاری کا شوق تھا یہی وجہ ہے کہ میری زیادہ تر ٹک ٹاک ویڈیوز مزاحیہ ہوتی ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں جب اسکول میں تھی تو اُس وقت بھی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیکر اپنی اداکاری کا شوق پورا کرتی تھی اور اس ضمن میں میرے والد نے مجھے بہت سپورٹ کیا تھا۔‘

رومیسہ خان نے اپنی زندگی کی تلخ حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’جب ڈیڑھ سال قبل میرے والد کا انتقال ہوا تو اُس وقت میں نے دلبرداشتہ ہوکر اداکاری کرنا چھوڑ دی تھی کیونکہ وہ میرے لیے ایک بڑا صدمہ تھا۔‘

ٹک ٹاکر نے کہا کہ ’پھر وقت گُزارنے کے ساتھ، میں نے خود کو سنبھالا اور یونیورسٹی کے ایک تھیٹر میں حصہ لیا، اُس کے بعد میرے دوستوں نے مجھے ٹک ٹاک جوائن کرنے کا مشورہ دیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میری ٹک ٹاک ویڈیوز کو مداحوں کو جانب سے بہت سراہا گیا جس سے مجھے حوصلہ افزائی ملی۔‘

رومیسہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ مستقبل میں اپنے والد کی طرح مزاحیہ اداکاری کرنے کا ہی شوق رکھتی ہیں۔‘

واضح رہے کہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر رومیسہ خان کو 4 اعشاریہ 8 ملین یعنی 48 لاکھ صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

تازہ ترین