• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے PPP کے MNA محمد بخش مہر کو کلین چٹ دیدی

سندھ ہائی کورٹ میں عبوری درخواستِ ضمانت کی سماعت کے دوران نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی سردار محمد بخش مہر کو کلین چٹ دے دی۔

سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی سردار محمد بخش مہر کے خلاف انکوائری میں عبوری درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما محمد بخش مہر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

ان کے وکیل نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرا دی۔

محمد بخش مہر کے خلاف نیب انکوائری میں اس وقت اہم پیش رفت سامنے آئی جب نیب کے پراسیکیوٹر نے انکوائری سے متعلق عدالت کو آگاہ کیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر نے پیپلز پارٹی کے ایم این اے سردار محمد بخش مہر کو کلین چٹ دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ محمد بخش مہر کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے۔

نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ محمد بخش مہر کے خلاف انکوائری ختم کرنے کے لیے معاملہ چیئرمین نیب کو بھیج دیا ہے، چیئرمین نیب کے جواب آنے تک مہلت دی جائے۔


عدالتِ عالیہ نے آئندہ سماعت پر نیب سے محمد بخش مہر کی انکوائری سے متعلق جواب طلب کر لیا۔

سندھ ہائی کورٹ نے محمد بخش مہر کی عبوری ضمانت میں 11 مارچ تک توسیع بھی کر دی۔

اس سے قبل سردار محمد بخش مہر کو نیب سکھر نے گھوٹکی میں زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا۔

گزشتہ سماعت کے موقع پر عدالتِ عالیہ نے نیب کو محمد بخش مہر کے خلاف انکوائری مکمل کرنے کے لیے آج (9 فروری) تک کی مہلت دی تھی۔

تازہ ترین