• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کا ثمر ہے، آرمی چیف


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سکیورٹی صورتحال میں بہتری کا ثمر ہے۔

ان خیالات کا اظہار چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور کمانڈر کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی اور اندرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سیکیورٹی صورتحال میں بہتری کا ثمر ہے۔

انھوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خاتمے اور قربانیوں کے نتیجے میں بین الاقوامی کرکٹ ملک میں بحال ہوئی۔

آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ ہم اس راستے پر گامزن رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں علاقائی اور اندرونی سکیورٹی صورتحال، سرحدوں اور داخلی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں فوج کے پیشہ وارانہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کور کمانڈر کانفرنس نے دشمن کے کسی بھی ممکنہ مِس ایڈونچر کے خلاف مسلسل آپریشنل تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں سابق فاٹا اور خیبرپختونخوا میں بہتر ہوتی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں دشمن خفیہ ایجنسیوں سے نمٹنے پر مکمل اظہارِ اطمینان کیا گیا گیا۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کور کمانڈر کانفرنس میں بلوچستان اور گلگت بلتستان میں دشمن خفیہ ایجنسیوں کے عزائم سے نمٹنے پر بھی اظہارِ اطمینان کیا گیا۔ 

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ علاقائی امن و استحکام کے لیے پُرامن و مستحکم افغانستان کی امید کا اظہار کیا گیا۔ 

کور کمانڈر کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور کیا گیا اور کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی اور سیکیورٹی بحران ہیں جبکہ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر عالمی فورمز کے بڑھتے احساس کو مثبت طور پر نوٹ کیا گیا۔

تازہ ترین