• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی شہری نے صحتمند بننے کیلئے خود کو ایک سال کیلئے کمرے میں لاک کرلیا

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

امریکی ریاست یوٹاہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے صحت مند بننے کے لیے خود کو ایک سال کے لیے اپنے گھر کے کمرے میں بند کر لیا۔ 

بتایا جاتا ہے کہ 49 سالہ اسکپ بوئس نامی اس شخص نے فیصلہ کیا وہ اپنی زندگی کے انداز کو بہتر بنانے کے لیے پورا سال بیڈروم تک ہی محدود رہے گا اور بیرونی دنیا سے ہر قسم کا رابطہ ختم کر دے گا۔

اسکپ بوئس جو تعمیراتی کاروبار کا سابق مالک ہے، 10 فروری کو اپنی بیوی اور بیٹی کو الوداع کہہ کر اپنے بیڈروم میں داخل ہوا اور دروازہ بند کرکے اپنے ایک سالہ تنہائی کے منصوبے کا آغاز کر دیا۔ وہ پورے 365 دن اسی کمرے میں رہنے کا ارادہ رکھتا ہے اور اس پورے تجربے کو یوٹیوب پر براہِ راست نشر کریگا۔

اسکا کہنا ہےکہ کمرے سے باہر نہیں نکلتا اور لائیو اسٹریم 24 گھنٹے، ساتوں دن جاری رہتی ہے۔ میں باہر کی تفریح یا غیر منصوبہ بند میل جول کو اندر نہیں لاتا، جو کچھ بھی ہوتا ہے وہ ناظرین کے سامنے ہوتا ہے۔ میں اسی کمرے میں رہتا ہوں، سوتا ہوں، ورزش کرتا ہوں، پڑھتا ہوں، لکھتا ہوں اور اپنا تمام وقت یہیں گزارتا ہوں۔

اسکا کہنا ہے کہ یہ چونکا والا معاملہ نہیں، میں ایک کنٹرول قسم کا ماحول بنانا چاہتا ہوں، جہاں میں مسلسل محرکات سے کچھ فاصلے پر جا سکوں۔ نظم و ضبط دوبارہ قائم کر سکوں اور صحت، توجہ اور جواب دہی پر مبنی عادات کو پھر سے اپنا سکوں۔ اپنی کچھ بری عادتیں چھوڑنا شاید میری توقع سے بھی آسان رہا ہے، مثلاً  سافٹ ڈرنک پینا چھوڑنا اچھا محسوس ہو رہا ہے۔

اسکا دعویٰ تھا کہ تنہائی میں لگ بھگ تین ہفتے گزارنے کے بعد زندگی میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ زیادہ ورزش کر رہا ہوں، کھانے پینے کا طریقہ صحت مند ہو گیا ہے اور ذہنی صحت میں کافی بہتری آئی ہے۔ 

تاہم اسکے اس منصوبہ کو ہر کوئی مثبت نتائج کا حامل نہیں سمجھتا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے کیے گئے۔ 

ایک ایکس یوزر نے کہا یہ انتہائی غیر صحت مند ہے، اس نے مزید کہا آپ کو دھوپ اور باقاعدہ ورزش کی ضرورت ہے۔ آپ کو سماجی میل جول اور تازہ ہوا بھی چاہیے اور کیا اس کمرے میں شاور ہے؟ یہ صحت کے لیے بہتر نہیں ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید