• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ میں کیرئیر کی شروعات میں راجیو کپور کا برین واش کیا گیا تھا؟

گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے اس دُنیا سے کوچ کرجانے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار و ہدایتکار راجیو کپور نے اپنے ایک پرانے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ کیرئیر کی شروعات میں اُن کا برین واش کیا گیا تھا۔

بھارتی ویب سائٹ پر راجیو کپور کا ایک پُرانا انٹرویو شائع کیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے اُن مسائل کے بارے میں بتایا تھا جو اُنہیں بالی ووڈ میں اپنا کیرئیر شروع کرتے ہوئے پیش آئے تھے۔

راجیو کپور نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ’جب اُنہوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا تو لوگ اُنہیں اُن کے چچا شمی کپور کے بھتیجے کے نام سے پکارتے تھے، اُس کے بعد لوگ اُنہیں رشی کپور کے چھوٹے بھائی کے نام سے جاننے لگے اور پھر کئی عرصے کے بعد لوگوں نے اُنہیں اُن کے اپنے نام راجیو کپور کے نام سے پہچاننا شروع کیا۔‘

بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ ’میری شکل میرے چچا شمی کپور سے کافی ملتی تھی اس لیے جب میں نے بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تو فلم کے ہدایتکار، پروڈیوسر سمیت دیگر ٹیم ممبران مجھے مجبور کرتے تھے کہ میں اپنے چچا کی طرح اداکاری کروں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ہر کوئی چاہتا تھا کہ میں اپنے چچا کا روپ دھار لوں کیونکہ وہ سمجھتے تھے کہ اس سے ہی میں کامیاب ہوسکتا ہوں۔‘

راجیو کپور نے کہا کہ ’میں اس وقت نوجوان تھا تو مجھے لوگ جیسا کہتے تھے میں ویسا ہی کرتا تھا لیکن وقت گزرنے کے ساتھ مجھے مختلف تجربات ہوئے اور پھر میں نے خود محسوس کیا کہ مجھے اپنی الگ پہچان بنانے کی ضرورت ہے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا کہ ’یہ احساس ہونے کے بعد میں نے ناصرف اداکاری کی دُنیا بلکہ ہدایتکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور اپنی الگ پہچان بنائی۔‘

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو کپور کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔

راجیو کپور کی موت کی خبر اُن کی بھابھی اور رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے اپنے انسٹاگرام پیغام کے ذریعے دی۔

خیال رہے کہ راجیو کپور بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور اور رندھیر کپور کے چھوٹے بھائی تھے، وہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ ہی ہدایتکار اور پروڈیوسر بھی تھے۔

رشی کپور گزشتہ سال اس دُنیائے فانی سے کوچ کرگئے تھے، رشی کپور نے گزشتہ سال 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔

یاد رہے کہ راجیو کپور نے سال 1983ء میں بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا، اُن کی پہلی فلم ’ایک جان ہیں ہم‘ تھی۔

راجیو کپور کی مشہور فلموں میں ’رام تیری گنگا میلی‘، ’لود بوائے‘ اور ’ہم تو چلے پردیس‘ شامل ہیں۔

وہ آخری مرتبہ فلم ’ذمہ دار‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے جو سال 1990ء میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کے بعد راجیو کپور نے اداکاری کی دُنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

اس کے علاوہ راجیو کپور مشہور بالی ووڈ فلم ’پریم گرنتھ‘ میں ہدایت کاری کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں جس میں مرکزی کردار راجیو کپور کے بڑے بھائی اور مشہور فلمی اداکار رشی کپور نے ادا کیا تھا۔

راجیو کپور نے سال2001 میں آرتی سبروال کے ساتھ شادی کی تھی تاہم اُن کی شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

تازہ ترین