• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشی کپور نے اپنی کتاب میں چھوٹے بھائی راجیو کیلئے کیا لکھا تھا؟

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپورکا خیال تھا کہ کپور خاندان میں ان کا چھوٹا بھائی راجیو کپور سب سے زیادہ ہنر مند ہے لیکن وہ اپنی اصل صلاحیت کا کبھی ادراک نہیں کرسکا۔

رشی کپور جو کہ گزشتہ سال سانس کی تکلیف کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے اُنہوں نے اپنی آپ بیتی پر ایک کتاب لکھی تھی جس کا عنوان ’کھلم کھلا‘ تھا جبکہ یہ کتاب سال 2017 میں شائع ہوئی تھی۔

اس کتاب میں رشی کپور نے اپنی ازدواجی زندگی، کیرئیر، بہن بھائی اور دوستوں کے حوالے سے بہت کچھ لکھا تھا۔

کتاب ’کھلم کھلا‘ میں رشی کپور نے اپنے سب سے چھوٹے بھائی راجیو کپور کے بارے میں بھی چند باتیں تحریر کی تھیں۔

رشی کپور نے انکشاف کیا تھا کہ ’وہ اپنے بڑے بھائی رندھیر کپور سے زیادہ قریب تھے لیکن چونکہ راجیو سب بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا تو سبھی لوگ اُس کے لیے فکرمند رہتا تھا۔‘

اُنہوں نے لکھا تھا کہ ’وہ راجیو کپور کے بارے میں بہت پریشان ہیں اور فکرمند ہیں کیونکہ وہ اپنی حقیقی صلاحیت کا کبھی بھی ادراک نہیں کرسکا.

رشی کپور نے لکھا تھا کہ ’راجیو ہم تمام بہن بھائیوں میں سب سے قابل ہے، وہ بغیر تربیت لیے بہت ہی زبردست پیانو بجاتا ہے۔‘

بالی ووڈ اداکار نے یہ بھی لکھا تھا کہ ’اتنا قابل ہونے کے باوجود بھی راجیو خود کی مہارت اور صلاحیتوں کا استعمال نہیں کرتا ہے جس کی وجہ سے میں اُس کے لیے فکرمند رہتا ہوں۔‘

اُنہوں نے اپنی کتاب میں راجیو کپور کی ہدایتکاری میں بننے والی فلموں کی بھی خوب تعریف کی تھی۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو کپور کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔

راجیو کپور کی موت کی خبر اُن کی بھابھی اور رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے اپنے انسٹاگرام پیغام کے ذریعے دی۔

خیال رہے کہ راجیو کپور بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور اور رندھیر کپور کے چھوٹے بھائی تھے، وہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ ہی ہدایتکار اور پروڈیوسر بھی تھے۔

رشی کپور گزشتہ سال اس دُنیائے فانی سے کوچ کرگئے تھے، رشی کپور نے گزشتہ سال 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔

یاد رہے کہ راجیو کپور نے سال 1983ء میں بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا، اُن کی پہلی فلم ’ایک جان ہیں ہم‘ تھی۔

راجیو کپور کی مشہور فلموں میں ’رام تیری گنگا میلی‘، ’لود بوائے‘ اور ’ہم تو چلے پردیس‘ شامل ہیں۔

وہ آخری مرتبہ فلم ’ذمہ دار‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے جو سال 1990ء میں ریلیز ہوئی تھی، اس فلم کے بعد راجیو کپور نے اداکاری کی دُنیا کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

اس کے علاوہ راجیو کپور مشہور بالی ووڈ فلم ’پریم گرنتھ‘ میں ہدایت کاری کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں جس میں مرکزی کردار راجیو کپور کے بڑے بھائی اور مشہور فلمی اداکار رشی کپور نے ادا کیا تھا۔

راجیو کپور نے سال2001 میں آرتی سبروال کے ساتھ شادی کی تھی تاہم اُن کی شادی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

تازہ ترین