• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رندھیر کپور نے ہمیشہ مجھے راجیو کی طبیعت ٹھیک بتائی: زیبا بختیار

ماضی کی نامور اداکارہ زیبا بختیار نے بھارتی لیجنڈری اداکار راجیو کپور کی موت پر شدید افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جب بھی رندھیر کپور سے راجیو کپور کے بارے میں پوچھتی تھیں تو وہ کہتے تھے کہ راجیو کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں زیبا بختیار نے کہا کہ ’راجیو کپور کی یوں اچانک موت کی خبر نے مجھے تشویش میں مبتلا کردیا ہے، میرے پاس اپنے جذبات بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔‘

زیبا بختیار نے کہا کہ ’رندھیر کپور نے گزشتہ کچھ سالوں میں بہت سے غم برداشت کیے ہیں، پہلے اپنی ماں کو، پھر رشی کپور کو اور اب چھوٹے بھائی راجیو کپور کو کھو دیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میں راجیو کپور کے ساتھ رابطے میں نہیں تھی لیکن رندھیر کپور کے ساتھ میرا رابطہ رہتا تھا اور میں نے جب رندھیر سے راجیو کی طبیعت کے بارے میں پوچھا تو وہ کہتے تھے کہ راجیو بالکل ٹھیک ہے۔‘

زیبا بختیار نے سال1991ء میں بننے والی اپنی فلم ’حنا‘ کی شوٹنگ کے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم کی شوٹنگ کے دوران راجیو کپور نے مجھ سے رابطہ کیا تھا وہ محبت بانٹنے والے اور نرم مزاج شخصیت کے مالک تھے۔‘

 اُنہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے جو ایک ساتھ وقت گُزارا وہ تفریح اور ہنسی مذاق پر مبنی تھا، راجیو کے ساتھ میری تمام یادیں بےحد خوشگوار ہیں۔‘

یاد رہے کہ زیبا بختیاراور رشی کپور نے بالی ووڈ کی سُپر ہٹ فلم ’حنا‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا، یہ فلم 1991 میں ریلیز ہوئی تھی اور فلم’حنا‘ زیبا بختیار کی پہلی بھارتی فلم تھی۔

واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق راجیو کپور کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔

راجیو کپور کی موت کی خبر اُن کی بھابھی اور رشی کپور کی اہلیہ نیتو کپور نے اپنے انسٹاگرام پیغام کے ذریعے دی۔

خیال رہے کہ راجیو کپور بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار رشی کپور اور رندھیر کپور کے چھوٹے بھائی تھے، وہ ایک اداکار ہونے کے ساتھ ہی ہدایتکار اور پروڈیوسر بھی تھے۔

رشی کپور گزشتہ سال اس دُنیا فانی سے کوچ کرگئے تھے، رشی کپور نے گزشتہ سال 30 اپریل کی صبح ممبئی کے این ایچ رلائنس اسپتال میں زندگی کی آخری سانسیں لیں۔


تازہ ترین