اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستان حج 2021 کے بارے میں سعودی عرب کی جانب سے واضح جواب کا منتظر ہے، ویکسین آنے کے بعد امید ہے حج ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی اگلے 5ماہ میں صورتحال بہترہوجائیگی ۔ گزشتہ روزانہوں نے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب اب بھی حجاج کرام سے حج کے لئے درخواستیں قبول نہیں کررہا ، امیدہے اگلے 5ماہ میں صورتحال بہترہوجائیگی ، ویکسین آنے کے بعد امید ہے حج ادائیگی معمول کے مطابق ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ سعودی حکام کی جانب سے حج کے حوالے سے کوئی واضح احکام نہیں آئے اور نہ ابھی تک حج سے متعلق پاکستان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ لوگ اس سال حج کے امکان سے پریشان ہیں ، اس سلسلے میں سعودی عرب کے حکام سے مستقل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حج 2021 کے بارے میں سعودی عرب کی جانب سے واضح جواب کے منتظر ہے۔