• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابّو نے وفات سے پہلے ہی مریم اور اویس کا رشتہ پکا کردیا تھا: علی انصاری

حال ہی میں لیجنڈری کرکٹر معین کے بڑے بیٹے اویس خان کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی اداکارہ مریم انصاری کے بھائی علی انصاری کہتے ہیں کہ اُن کے والد نے اپنے انتقال سے پہلے ہی اُن کی بہن کا رشتہ پکا کردیا تھا۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر علی انصاری نے اپنی بہن کے نکاح کی ویڈیو شیئر کی جس میں قاضی اویس خان اور مریم انصاری کا نکاح پڑھا رہا ہے۔


علی انصاری نے یہ خوبصورت ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’ہر بیٹی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کے والد اُس کے لیے بہترین ہمسفر کا انتخاب کریں اور یہی میرے ابّو نے مریم کے لیے کیا۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ابّو نے اپنی زندگی میں ہی مریم کا اویس سے رشتہ پکا کردیا تھا اور وہ اُس وقت بہت خوش تھے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آج ابّو حیات ہوتے تھے تو وہ محفل کی جان بن جاتے۔‘

علی انصاری نے کہا کہ ’جب مریم کا رشتہ پکا ہوا تو ابّو نے امّی سے کہا تھا کہ وہ خود مریم کا نکاح پڑھائیں گے لیکن اللّہ تعالیٰ کو کچھ اور ہی منظور تھا۔‘

اداکار نے اپنی بہن سے مخاطب ہوکر کہا کہ ’ابّو آج تمہیں اور اویس کو ساتھ دیکھ کر بہت خوش ہورہے ہوں گے، اُن کی دُعا ہمیشہ تمہارے ساتھ رہے گی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ نظرِبد سے بچائے اور ہر بیٹی کے نصیب اچھے کرے آمین۔‘

واضح رہے کہ پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مریم انصاری اور لیجنڈری کرکٹر معین خان کے بیٹے اویس خان کے نکاح کی تقریب حال ہی میں منعقد کی گئی تھی جس کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں۔

مریم انصاری نوجوان اداکار علی انصاری کی بہن ہیں، علی انصاری نے جیو انٹرٹینمنٹ کے مقبول ترین ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جبکہ اُن کی بہن مریم انصاری بھی کئی ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔

تازہ ترین