• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرمیندر کی اداسی نے پرستاروں کو پریشان کردیا

بالی ووڈ کے سینیئر اداکار دھرمیندر کے ایک حالیہ ٹوئٹ نے انکے پرستاروں کو پریشان کردیا، دھرمیندر نے اپنے ایک پرستار کے بنائے ہوئے ان کے مشہور فلمی کرداروں پر مبنی ویڈیو مونٹیج شیئر کیا اور کہا کہ ان کے پرستار بہت سادہ اور معصوم ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ اداس ہیں۔اس ویڈیو میں ستندر سرتاج کا گانا معصومیت پلے کیا گیا ہے۔ جس پر دھرمیندر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ سومیلہ میں اس بے جا چاہت کا حقدار نہیں، معصومیت ہے آپ سب کی، ہنستا ہوں ہنساتا ہوں مگر اداس رہتا ہوں، ’اس عمر میں کرکے بے دخل مجھے میری دھرتی سے دیدیا صدمہ مجھے میرے اپنوں نے‘۔

اس ٹوئٹ کو پڑھنے کے بعد انکے پرستاروں نے محبت بھرے پیغامات کی بھرمار کردی اور ان سے درخواست کی جناب آپ اداس نہ ہوں، ایک پرستار نے  لکھا کہ وہ دعا کریگا کہ آپ خوش رہیں اور مسکرائیں۔ ایک اور نے لکھا، آپ ہماری زندگی اور ہمارا فخر ہیں، جس نے آپکا دل دکھایا اسے چین نصیب نہ ہو۔ ایک اور فین نے تحریر کیا، دھرم جی آپ اداس نہ ہوں ہم سب آپکو بہت پیار کرتے ہیں۔ 


دھرمیندر حال ہی میں گرینڈ فینالے آف بگ باس 14 میں بطور مہمان شریک ہوئے تھے۔ جہاں میزبان اور بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے ان سے اپنی محبت اور عقیدت کا بھرپور اظہار کیا اور تمام فائنلسٹ سے انکا تعارف ان کے آئیکون اسٹائل کے ڈانس کرکے کرایا اور انکا خیرمقدم کیا۔

دھرم جی نے اس موقع پر مقابلے میں شریک روبینہ دلیک اور ابھینو شکلا سے گفتگو کرتے ہوئے ابھینو شکلا کو مشورہ دیا کہ وہ روبینہ سے ہمیشہ پیار کرے اور اسے کبھی جانے نہ دے اور روبینہ جتنا اس سے پیار کرتی ہے اس سے زیادہ وہ پیار کرے۔ 

بعد میں دھرمیندر نے ٹوئٹ کیا کہ وہ شو میں آکر خوشی محسوس کررہے ہیں، گزرے چند لمحے پیاری یاد بن کر رہ جاتے ہیں۔

تازہ ترین