• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک سے معاشی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھ سکتے ہیں، عمران خان

سی پیک سے معاشی رابطے وسط ایشیا اور سری لنکا تک بڑھ سکتے ہیں، عمران خان


کولمبو(ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر سری لنکا پہنچ گئے ‘وزیراعظم مہندا راجہ پکسے نے ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے ذریعے اقتصادی رابطے وسط ایشیاءاورسری لنکا تک بڑھائے جاسکتے ہیں۔

پاکستان سی پیک کا اہم حصہ ہے‘ سری لنکا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سی پیک سے فائدہ اٹھائے‘پاکستان اور سری لنکا کو دہشت گردی سمیت ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔

پاکستان اور سری لنکا مل کر ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں جبکہ سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کیلئے کردار ادا کرنے پر دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا ہے۔ 

منگل کو وزیر اعظم پاکستان نے دورہ سری لنکا کے موقع پر وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے سے ملاقات ‘وفود کی سطح پر مذاکرات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے جس سے مل کر نمٹا جا سکتا ہے‘پاکستان نے 10 سال بدترین دہشت گردی کا سامنا کیا۔

اسی طرح سری لنکا کو بھی کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا ہے، سری لنکا نے سیاحت کے شعبہ سے ترقی کی تاہم دہشت گردی اور امن و امان کی وجہ سے سیاحت بھی متاثر ہوئی، پاکستان میں بھی دہشت گردی کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک فلیگ شپ پروگرام ہے جوعلاقائی روابط کیلئے انتہائی اہم ہے، سی پیک سے وسط ایشیا اور سری لنکا بھی منسلک ہو سکتے ہیں، سری لنکا مستقبل میں سی پیک کے ذریعے وسط ایشیا سے روابط کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے سب سے زیادہ غریب متاثر ہوا۔

پاکستان نے 8 ارب ڈالر کا تاریخ کا سب سے بڑا پیکیج دیا جبکہ اس کے مقابلہ میں امریکہ نے 3 ہزار ارب ڈالر کا پیکیج دیا، کورونا وائرس نے دنیا میں اس تفریق کو بھی بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے اس موقع پر سری لنکن ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے بدھسٹ ٹرین شروع کریں گے۔

اس موقع پر سری لنکا کے وزیراعظم نے کہا کہ دونوںملکوں کے درمیان سیاحت اور ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی کیلئے کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ قبل ازیں منگل کو دورہ سری لنکا کے پہلے روزعمران خان اور مہندا راجا پاکسے کے درمیان ون آن ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر سیاحت،ماحولیات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔ون آن ون ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت ‘ سرمایہ کاری،صحت ‘ تعلیم ، زراعت ‘سائنس و ٹیکنالوجی‘ سکیورٹی ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں عمران خان دو روزہ دورہ پر سری لنکا پہنچے تو وزیراعظم مہندا راجہ پکسے نے ایئرپورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا،بچوں نے وزیراعظم کو گلدستے پیش کئے‘سری لنکا کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور توپوں کی سلامی دی گئی۔ وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ 

بعد ازاں سری لنکا کے وزیراعظم نے عمران خان کا سری لنکن کابینہ اور وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا کے وزیراعظم کا اپنے وفد کے ارکان سے تعارف کرایا۔شاہ محمود قریشی‘ عبدالرزاق دائود‘سید ذوالفقار عباس بخاری بھی دورہ کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

تازہ ترین