پالک گھروں میں پکائی جانے والی ایک عام سبزی ہے جس کے بیش بہا طبی فوائد ہیں۔ اس سے بنے لذت بھرےکھانے آپ کو صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتےہیں۔ پالک (Spinach) سبز پتوں والی سبزی ہے، جس کی ابتدائی کاشت فارس میںہوئی۔ پالک کو سبھی صحت بخش سبزی سمجھتے ہیں اور اسے فولاد یعنی آئرن سے بھرپور سمجھا جاتا ہے۔
اس کی وجہ شاید 1930ء میں متعارف کرائی جانے والی ایک کارٹون سیریز ’’پوپئے دی سیلر ‘‘ تھی، جس میں ایک زائد عمر کے نحیف ملاح پوپئے کو جب بھی طاقت چاہیے ہوتی تھی تو وہ پالک کے ڈبے سے اسے حاصل کرتا ا ور بلوٹو پہلوان کو پچھاڑ دیتا تھا۔ اس زمانے میں پالک کی فروخت اور اس کے استعمال میں بےبہا اضافہ ہوا۔
کرسٹل سٹی، ٹیکساس کی پالک کاشت کرنے والی کمیونٹی نے پالک کی صنعت پر پوپئے کے مثبت اثرات کے اعتراف میں اس کردار کا مجسمہ نصب کردیا۔ چیسٹر، الینوائے میں ایک اور پوپئے کا مجسمہ ہے جبکہ اسپرنگ ڈیل اور الما، آرکنساس میںبھی مجسمے موجود ہیں۔
سُپرفوڈز میں سرفہرست شمار کیے جانے والے پالک کو تیار کرنے کے بہت سارے طریقے ہیں۔ آپ اسے پکا کر یا کچا بھی کھا سکتے ہیں۔ اس میں بہت سارے وٹامنز اور معدنیات موجود ہیں جو کینسر جیسی بیماریوں کا خطرہ کم کرنے اور دیگر متعدد فوائد فراہم کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ پالک کے فوائد پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
صحت بخش غذائی اجزاء سے بھرپور
ہری سبزیوں ، خاص طور پر پالک میں کسی بھی دوسری سبزی کے مقابلے میں زیادہ غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں۔ پکی ہوئی ایک کپ پالک41کیلوری پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ اس میں وٹامن ’اے‘ اور ’کے‘ کی غیر معمولی مقدار بھی ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ پالک انسانی جسم کو روزانہ کی بنیاد پر درکار اجزاء کی ضرورت کچھ اس طرح پوری کرتی ہے۔
میگنیز (84فیصد)، فولیٹ (65.7فیصد)، میگنیشیم (35.1فیصد)، آئرن (35.7فیصد)، کاپر (34.4فیصد)، وٹامن بی2 (32.3فیصد)، وٹامن بی6 (25.8فیصد)، وٹامن ای (24.9فیصد)، کیلشیم (24.4فیصد)، پوٹاشیم (23.9فیصد)، وٹامن سی (23.5فیصد)، پانی (91فیصد)، پروٹین (2.9گرام)، کاربوہائڈریٹس(3.6گرام)، شوگر (0.4گرام)، فائبر (2.2گرام)، فیٹس (0.4گرام) اور کیلوریز (23)۔
٭ پالک میں ناقابل استعمال ریشہ یعنی فائبر بہت زیادہ ہوتا ہے، جو آپ کی صحت کو کئی طریقوں سے بہتر کرسکتاہے۔ اس سے اجابت (اسٹول) آرام سے ہوتی ہےاور قبض کو دور کرنے میں مدد ملتی ہے۔
٭ پالک میں کیروٹینائڈز کی مقدار زیادہ ہوتی ہے ، جسے آپ کا جسم وٹامن اے میں بدل سکتا ہے۔
٭ وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے، جو جِلد کی صحت اور قوت مدافعت کو فروغ دیتا ہے۔
٭ وٹامن K1خون جمنے کے لیے ضروری ہے۔ خاص طور پر ، پالک کا ایک پتاآپ کی روزانہ کی نصف ضرورت پوری کرسکتا ہے۔
٭ فولک ایسڈ کو فولیٹ یا وٹامن بی 9کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ کمپاؤنڈ حاملہ خواتین کے لیے بہت ضروری ہے اور عام خلیوں کے افعال اورپٹھوں کی افزائش میں بھی معاون ہے ۔
٭ پالک آئرن جیسے ضروری معدنی عنصر کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔ آئرن ہیموگلوبن بنانے میں مدد کرتا ہے ، جو آپ کے جسم کےٹشوز یاعضلات میں آکسیجن پہنچاتا ہے۔
٭ کیلشیم ہڈیوں کی صحت، اعصابی نظام، دل اور پٹھوں کےاہم سگنلنگ مالیکیول کے لیے ضروری ہے۔
بیماریوں کے خلاف مزاحمت
پالک میں موجود کیلشیم آپ کی ہڈیوں کو چوٹ کے خلاف لڑنے کے لئے مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے جبکہ وٹامن اے، وٹامن سی، فائبر، فولک ایسڈ اور دیگر غذائی اجزاء بڑی آنت اور چھاتی کے کینسر کے خلاف لڑتے ہیں۔ پالک خون میں پروٹین کی نقصان دہ سطح کو کم کرنے میں بھی مدد کرتا اور ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب سے بچا سکتا ہے۔ پالک میں موجود لیوٹین (Lutein) ایک خاص جزو ہے، جو موتیا اور نظر خراب کرنے والے عومل کے خلاف لڑنے میں مدد کرتا ہے۔ موتیا زائد العمر افراد میں بصارت سے محرومی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
جِلد کیلئے بہترین
پالک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے، جو جِلد کے خلیوں کی معمول کی نشوونما ا ور اسے صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پالک کےفوائد میں کولاجن کی پیداوار میں اضافہ بھی شامل ہے، جو جِلد کولچکدار رکھنے میں مدد کرتا ہے اور اس پر جھریوں اور باریک لکیروں کو نمودار ہونے سے روکتاہے۔ پالک میں موجود وٹامن اے آپ کی جِلد کو سوکھےپن، چنبل اور یہاں تک کہ مہاسوں کے خلاف لڑنے میں نمی فراہم کرتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ
پالک میں دو اجزاء MGDG اورSQDG پائے جاتے ہیں، جو کینسر کی افزائش کو کم کرسکتے ہیں۔ ایک مطالعے میں ان مرکبات نےایک خاتون میں نہ صرف ٹیومر کی رفتارسست کرنے میں مدد کی بلکہ ٹیومر کے سائز کو بھی کم کیا۔ کئی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ پالک کے استعمال سےپروسٹیٹ کینسر کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔
یہ ہری سبزی کھانے سے چھاتی کے کینسر سے بچنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ مزید برآں، پالک زائد مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹس فراہم کرتی ہے ، جو کینسر سے لڑنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔