• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی ایوانوں میں پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کیا ، عرب گل مالاگوری

برسلز (عظیم ڈار) پشتون آرگنائزیشن یورپ کے صدر عرب گل ملاگوری اور بلجیم برانچ کے صدر جمیل خان نے گورنر خیبر پختون خواہ شاہ فرمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اوورسیز پشتونوں کے مسائل اوران کی پاکستان کے لئے خدمات کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ پشتون آرگنائزیشن نے ہمیشہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف یورپی ایوانوں میں نہ صرف آواز بلند کی بلکہ پاکستان کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے اور اوور سیز کمیونٹی کے اندر حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ انہوں پاکستان کے قبائلی علاقہ جات کی محرومیوں کو دور کرنے اور قبائلی علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے گورنر شاہ فرمان کو بتایا کہ کہ قبائلی عوام انتہائی کسمپرسی اور پسماندہ زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نہ کہا کہ پشتون عوام کی تعلیم و تربیت اور بہتر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومتی سطح پر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انھوں نے ملک و قوم کے دشمنان کی مکارانہ چالوں سے عوام کے بچاؤ کےلیے قبائلی عوام کے اندر شعور بیدار کرنے اور سازشی عناصر کی بیخ کنی کرنے کےلیے حکومتی تعاون کو ضروری قرار دیا تاکہ صہیونی قوتوں کا مقابلہ ڈٹ کر کیا جائے۔ انھوں نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں کی عوام کے لئے تعلیم،صحت اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔ جس سے ان علاقوں کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ ان علاقوں میں دنیا کی بہترین معدنیات پائی جاتی ہیں خاص طور پر سنگ مرمر کے ایسے ذخائر موجود ہیں جن کی پوری دنیا میں مانگ ہے ان معدنیات کے ذریعے ان علاقوں کی عوام کو نہ صرف روزگار فراہم کیا جاسکتا ہے بلکہ ایک خطیر زرمبادلہ بھی کمایا جاسکتا ہے اور ملک دشمن عناصر جو بے روزگاری کا معاملہ بنا کر ان کو استعمال کرنا چاہتے ہیں وہ ناکام ہو جائیں گے۔
تازہ ترین