اداکارہ عفت عمر نے کہا ہے کہ اُنہیں یقین ہے علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا تھا۔
اداکار و گلوکار علی ظفر کے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کیس کی سماعت کے دوران گواہ اداکارہ عفت عمر سے علی ظفر کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ نے اپنی بیٹی کو میشا شفیع جیسا بننے کا اظہار کیا؟
وکیل کے سوال کا جواب دیتے ہوئے عفت عمر نے کہا کہ میں نے خواہش کا اظہار کیا تھا کہ میری بیٹی میشا شفیع جیسی ہو۔
علی ظفر کے وکیل نے سوال کیا کہ کیا صباء حمید آپ کی بچپن کی دوست ہیں؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ جی وہ میری دوست ہے اور میں ان کا استاد سے زیادہ احترام کرتی ہوں۔
گلوکار کے وکیل نے سوال کیا کہ نجی چینل نے آپ کے خلاف مہم چلائی آپ نے اس پر ہرجانے کا دعویٰ کیا؟ اس سوال کے جواب میں عفت عمر نے کہا کہ جی میں نے دعویٰ دائر کیا جھوٹے الزامات سے خاندان تباہ ہوجاتے ہیں۔
علی ظفر کے وکیل نے پوچھا کہ کیا الزام لگا کر ثابت کرنا ہوتا ہے؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ جی الزام لگا کر ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے۔
وکیل نے سوال کیا کہ کیا آپ اپنے پروگرام میں علی ظفر کے کیس سے متعلق سوال کرتی ہیں؟ جس پر جواباََ عفت عمر نے کہا کہ میرا پروگرام مسائل پر مبنی ہے ایک پروگرام میں علی ظفر کا سوال پوچھا ہوگا۔
عفت عمر نے کہا کہ جب کوئی مجھ سے علی ظفر سے متعلق پوچھتا ہے تو میں بتاتی ہوں، میرا پروگرام لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ اس طرح علی ظفر بھی سوشل میڈیا پر جو بات کرتا ہے اس کو لاکھوں لوگ دیکھتے ہیں۔
گلوکار کے وکیل نے پوچھا کہ کیا آپ کو یقین ہے علی ظفر نے میشا شفیع کو ہراساں کیا ہے؟ جس پر اداکارہ نے کہا کہ جی مجھے یقین ہے علی ظفر نے ہراساں کیا ہے۔