• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک معمول کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، بورس جانسن

لندن(پی اے ) وزیر اعظم بورس جانسن نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہاہے کہ ملک معمول کی زندگی کی جانب بڑھ رہا ہے ملک بھر میں اسکول کھولنے کافیصلہ کیاجاچکاہے لیکن اس وقت محتاط رہنے کی ضرورت ہے،وزیر اعظم نے عوام سے حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور قوانین پر پوری طرح عملدرآمد کرنے کی اپیل کی ۔دوسری جانب سے برطانیہ کی سب سے بڑی تعلیمی یونین نے حکومت پر اسکول کھولنے سے قبل مناسب حفاظتی انتظامات کرنے میں ناکام رہنے کاالزام عاید کیاہے ، انگلینڈ میں تمام اسکولوں اور کالجوں کے تمام کلاسوں کے طالب علم پیرسے کلاسوں میں حاضر اور طلبہ کی کلاسوں میں حاضری کو لازمی قرار دیاگیاہے۔یعنی وہ کسی اہم وجہ کے بغیر کلاس سے غیر حاضر نہیں رہ سکیں گے،جبکہ آئسولیشن اختیار کرنے والے طلبہ کو مزید کچھ دنوں گھر میں رہنے کو کہاگیاہے ۔ رواں ہفتے کے اوائل میں930 سے زیادہ ہیڈ ٹیچرز سےکئے گئے ایک سروے کے مطابق 76فیصد سیکنڈری اسکولوں نے کورونا ٹیسٹ کے ساتھ طلبہ کی واپسی پر شکوک کااظہار کیا 7فیصد اسکولوں نے اسکول کھولنے کی تاریخ میں اگلے ہفتے تک توسیع کامطالبہ کیا، نیشنل ایجوکیشن یونین کی جوائنٹ جنرل سیکریٹری ڈاکٹر میری بائوسٹیڈ نے کہا کہ سیکنڈری اور 16 کے بعد کے تعلیمی اداروں کے سربراہ بچوں کے ٹیسٹ سے متعلق ان کے والدین کی رائے حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں انھوں نے کہا کہ حکومت کو اس کیلئے عوام کو راغب کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں انھوں نے کہا کہ اسکولوں اورکالجوں کو زیادہ محفوظ بنانے کیلئے وزرا کے پاس 2 ماہ کا وقت تھا لیکن وہ اس کیلئے ضروری اقدام نہیں کرسکے ،نیشنل ایجوکیشن یونین نے اسکاٹ لینڈ اور ویلز کی طرح بچوں کی مرحلہ وار واپسی کا مطالبہ کیاہے۔جو رچرڈسن کمیونٹی اسکول ایسٹ لندن کی ہیڈ ٹیچر جیس اسمتھ نے بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ 1,600 طلبہ کے ٹیسٹ کیلئے فوجی طرز کی مشق کی ضرورت ہوگی ،اسکول نے جمعہ کو طلبہ کے مرحلہ وار ٹیسٹ شروع کئے اور اگلے 15 دن کے اندر 6,000 طلبہ کے ٹیسٹ لئے گئے ،انھوں نے کہا کہ بعض طلبہ جنوری سے گھر سے نہیں نکلے ہیں اور وہ اسکول آنے کیلئے بے چین ہیں۔ اس لئے طلبہ کی اسکولوں کو واپسی بہت اہم ہے۔وزیر اعظم کے پروگرام کے مطابق 29 مارچ سے 6 افراد یا دومختلف گھروں کے لوگوں کی گھروں سے باہر ملاقاتوںپر پابندی ختم کردی جائے گی جبکہ بعض شرائط کی تکمیل کے بعد قانون میں مزید چھوٹ دی جائے گی توقع ہے کہ 12اپریل سے تمام دکانیں کھولنے کی اجازت دیدی جائے اور 21جون سے تمام پابندیاں ختم کردی جائیں۔وزیراعظم کاکہناہے کہ حکومت بہت محتاط ہے اور ہم اب تک ہونے والی پیش رفت کاملیامیٹ نہیں کرنا چاہتے انھوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ویکسین لگوائیں اور جہاں ضروری ہو ٹیسٹ کرائیں انھوں نے کہا کہ عوام کے عزم کے طفیل ہی ہم معمول کی زندگی کی جانب لوٹ رہے ہیں انھوں نے کورونا کی وبا کے دوران قومی کوششوں کی تعریف کی ۔دوسری جانب ریسرچ سے ظاہر ہوا ہے کہ ریپڈ ٹیسٹ کی ڈیوائس ہر ایک ایک ہزار میں سے ایک سے تین تک غلط پازیٹو نتائج ظاہر کرسکتاہے ،رائل شماریاتی سوسائٹی کی رکن پروفیسر شیلا برڈ نے کہا کہ ریپڈ ٹیسٹ کے تحت پازیٹو آنے والے ہر ٹیسٹ کو زیادہ قابل اعتماد پی سی آر سے دوبارہ ٹیسٹ کرایاجانا چاہئے۔ایک سروے سے ظاہر ہواہے کہ انگلینڈ میں والدین کی اکثریت اپنے بچوں کو اسکول بھیجنے کے حوالے سے خوش ہیں ۔جبکہ فسکل اسٹڈیز انسٹی ٹیوٹ کی ریسرچ سے ظاہرہوتاہے کہ بعض والدین یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے بچے تعلیم کے نقصان کی تکمیل نہیں کرسکیں گے۔ محکمہ تعلیم نے بچوں کو تعلیمی نقصان کی تکمیل میں مدد دینے کیلئے 700ملین پونڈ کے پیکیج کااعلان کیاہے ۔ لیکن لیبر پارٹی ی شیڈو وزیر تعلیم کیٹ گرین کاکہناہے کہ اس فنڈنگ سے بچوں کا تعلیمی نقصان پورا نہیں ہوسکتا انھوں نے کہا کہ بچوںکی ذہنی صحت پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے سپورٹ کرنے کے بارے میں کچھ نہیں کہاگیاہے۔وزیر تعلیم گیون ولیم سن نے بتایا کہ حکومت مختلف تجاویز پر غور کررہی ہے جس میں سال میں 5 ٹرم کرنے ،تعطیلات میں تبدیلی اوراسکولوں کے اوقات کار میں اضافہ کرنا شامل ہے ۔ اسکول اور کالجوں کے طلبہ سے کہاگیاہے کہ جہاں سماجی فاصلے کا انتظام نہ ہو وہاں وہ احتیاطی اقدام کے طورپر ماسک استعمال کریں لیکن ایسا کرنا لازمی نہیں ہے۔انگلینڈ کی چیف انسپکٹر اسکولز امینڈا اسپائل مین کا کہناہےکہ وہ سمجھتی ہیں ماسک استعمال کرنے کی ضروری مختصر وقت کیلئے پڑے گی ، برطانیہ کی بااختیار اقوام کو کورونا کے حوالے سے اپنی پابندیوں کافیصلہ خود کرنے کا اختیار دئے جانے کے سبب انگلینڈ ،اسکاٹ لینڈ ،ویلز اور شمالی آئرلینڈ کے اسکولوں کیلئے علیحدہ علیحدہ قوانین ہیں اسکاٹ لینڈا ور ویلز میں چھوٹے بچے پہلے ہی اسکول میں حاضر ہونا شروع ہوگئے ہیں جبکہ شمالی آئر لینڈ میں بھی پیر سے اسکول کھل رہے ہیں، جبکہ اسکاٹ لینڈ میں تمام سیکنڈری اسکول اور ویلز میں بعض سیکنڈری اسکول کے طلبہ 15مارچ سے جزوقتی طورپر اسکولوں میں واپس آئیں گے جبکہ 12 اپریل سے تمام کلاسوں کے طلبہ کل وقتی طورپر اسکولوں میں آئیں گے،جبکہ شمالی آئر لینڈ میں بعض بڑی عمر کے بچے 22 مارچ سے اسکولوں میں واپس آئیں گے۔

تازہ ترین