• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ہیری، والد شہزادہ چارلس سے مایوس

شہزادہ ہیری کا کہنا ہے کہ ان کے والد شہزادہ چارلس نے ان سے بات چیت بند کردی تھی اور ان کی فون کالز کا جواب بھی نہیں دے رہے تھے ۔

برطانوی شہزادہ ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مارکل نے اوپرا ونفرے کو تہلکہ خیز انٹرویو دیتے ہوئے شاہی خاندان کے کئی راز افشا کیے اور شاہی خاندان کے ساتھ گزرنے والی اپنی زندگی کے حالات و واقعات کے بارے میں بتایا۔

شہزادہ ہیری نے کہا کہ میں اپنی دادی (ملکہ برطانیہ) یا شاہی خاندان کے کسی بھی فرد کے خلاف نہیں ہوں اور نہ کسی کو کوئی نقصان پہنچایا، وہ اپنی دادی کی ہمیشہ سے بہت عزت کرتے تھے۔

انہوں نے بتایا کے ان کی شاہی حیثیت سے دستبردار ہونے کے بعد اب تک تین بار اپنی دادی اور دو مرتبہ اپنے والد شہزادہ چارلس سے بات ہوئی۔

اوپرا نے ہیری سے پوچھا کہ شہزادہ چارلس نے انکی فون کالز کا جواب دینا کیوں چھوڑاتو اس کے جواب میں شہزادے نے کہا کہ وہ اپنے اور اپنی فیملی کے معاملات کو اپنے ہا تھ میں لینا چاہتے تھے۔

ہیری نےیہ بھی کہا کہ مجھے اپنے، اپنی بیوی اور بیٹے آرچی کے دماغی سکون کے لیے کچھ نہ کچھ کرنا ہے۔


شہزادہ ہیری نے اپنے والد کے بارے میں بات کرتے ہوئےمزید کہا کہ مجھے انکے رویے سے بہت مایوسی ہوئی کیونکہ وہ خود بھی اسی طرح کی صورتحال سے گزر چکے ہیں اور انہیں اس درد کا اندازہ ہے، میں ہمیشہ ان سے محبت کرتا رہوں گا لیکن جو ہوا اس پر مجھے بہت دکھ ہے۔

گفتگو کے دوران اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے شہزادہ ہیری نے کہا کہ شاہی محل کے ساتھ اختلافات کی بنا پر اپنی والدہ لیڈی ڈیانا کی تکلیف کا سوچ کر ان کا دل تڑپتا ہے کیونکہ وہ اور میگھن ایک دوسرے کے ساتھ ہیں جبکہ ڈیانا اس تمام صورتحال میں تنہا تھیں۔

تازہ ترین