پاکستان فلم انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ میرا نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ پاوری کرلی۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ میرا نے اپنی نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اپنے نئے پراجیکٹ کے سیٹ پر موجود ہیں۔
ویڈیو میں اداکارہ میرا کے ساتھ اُن کے ٹیم کے دیگر ممبران کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
اداکارہ میرا نے پاکستانی پاوری گرل دنانیر مبین کے منفرد انداز سے متاثر ہوتے ہوئے اپنی ویڈیو میں کہا:
یہ میں ہوں، یہ ہماری ٹیم ہے اور یہاں شوٹنگ ہورہی ہے
میرا نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں سوالیہ انداز میں لکھا ’شوٹنگ؟‘
اداکارہ کے اس پاوری ٹرینڈ کو اُن کے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔
دنانیر مبین مقبول کیسے ہوئیں؟
گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:
یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے
دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔