• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے کم عمر طالب علم کا آئی ٹی کی دنیا میں بڑا کارنامہ


کراچی کے کم عمر طالب علم نے آئی ٹی کی دنیا میں بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایسی موبائل ایپ تیار کی ہے جو ٹیلی گرام سے منسلک ہے جسے بصارت سے محروم افراد بھی باآسانی استعمال کرسکتے ہیں۔

نبیل حیدر جعفری نے کم عمری اور غربت کے باوجود مسلسل محنت اور لگن کے باعث ’ایف ایف میٹنگ‘ کے نام سے یہ موبائل ایپلیکشن بنائی ہے، نبیل کا دعویٰ یہ ہے کہ ٹیلی کمیونیکیشن کی دنیا میں یہ ایپ واٹس ایپ سے زیادہ بہتر کام کرے گی۔

ایپ کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے نبیل نے بتایا کہ یہ ایپ بہت سے نئے فیچر کی حامل ہے، جس میں بصارت سے محروم لوگوں کے لیے کلر تھیم اور فونٹ کو بڑا کرنے کا فیچر بھی شامل کیا گیا ہے۔

ایف ایف میٹنگ کے حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ اس میں ڈیٹا کو مکمل سیکیور رکھا گیا ہے، جبکہ صارفین کی پرائیویسی کا بھی مکمل خیال رکھا گیا ہے۔

نبیل کا کہنا تھا کہ انہوں نے تین سال کی شب و روز محنت کے بعد یہ ایپ تیار کی ہے، وہ اس ایپ کی تیاری پر بہت خوشی ہیں اور لوگوں کی جانب سے اس ایپ کو خوب پسند کیا جارہا ہے، جو ان کے لیے اطمینان کا باعث ہے، یہ ایپ گوگل پلے اسٹور پر ریٹنگ کے ساتھ موجود ہے۔

کم عمر طالب علم کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتہائی نامساعد حالات میں یہ کام مکمل کیا ہے، کیونکہ کسی وجہ سے ان کے والد کی نوکری چلی گئی تھی جس کی وجہ سے پریشانیوں نے ان کے گھر میں ڈیرے ڈال لیے تھے مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور جستجو میں لگے رہے اور آخر کار یہ ایپ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔


نبیل کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی وہ مزید موبائل ایپس بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ وطن عزیز کا نام مزید روشن کرسکیں، جبکہ بہت جلد وہ اپنی ایک سوشل میڈیا سائٹ بھی متعارف کروانے والے ہیں۔

کم عمر طالب علم کے اس کارنامے کو دیکھ کر مختلف حکومتی، سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی ملاقات کرکے نبیل کی حوصلہ افزائی کی ہے اور ان کے ٹیلنٹ کو سراہا ہے۔

نبیل کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق نے ان سے ملاقات کرکے شاباش دی اور مدد کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین