اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کٹھ پتلی حکومت کے دن گنے جا چکے،چیئرمین سینٹ الیکشن میں یوسف گیلانی کی کامیابی یقینی ہے۔
حکومتی ترجمان مسلسل صادق سنجرانی کو ریاست کا امیدوار قرار دے کر اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کررہے ہیں،پہلی دفعہ چیئرمین سینٹ بننے کی خاطر صادق سنجرانی پی پی پی میں شمولیت کے لئے میرے سامنے قرآن پر حلف تک اٹھانے کو تیار تھے۔
وہ اسلام الدین شیخ کی طرف سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے، عشائیے میں یوسف رضا گیلانی،عبدالغفور حیدری ، فریال تالپور ،راجہ پرویز اشرف، فرحت اللہ بابر، نوید قمر، فیصل کریم کنڈی، عبدالقادر پٹیل، سعد رفیق، لطیف کھوسہ، امجد آفریدی، نعمان شیخ اور ارسلان شیخ ، فرزند وزیر، رحمن ملک، سحر کامران، علی جہانگیر بدر، علی حیدر گیلانی، علی قاسم گیلانی، علی موسی گیلانی، عبدالقادر گیلانی اور یوسف بادینی بھی شریک تھے۔
بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم آج سینیٹ میں کٹھ پتلی سرکار کا مقابلہ کرے گی، الیکشن سے قبل ہی طے ہوچکا ہے کہ کسی صورت میں سینیٹ کا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئی سے نہیں ہوگا۔