• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابوظبی ٹیسٹ: افغانستان کے ہاتھوں زمبابوے کی شکست کے آثار نمایاں

ابوظبی ٹیسٹ میں چوتھے دن کا کھیل اپنے اختتام کو پہنچ گیا، افغانستان کے خلاف زمبابوے کی شکست کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔

افغانستان کے 4وکٹ پر 545 رنز کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگ میں 287 رنز پر پویلین لوٹ گئی، اس نے دوسری باری میں بھی 7 وکٹ گنوادی ہے۔

زمبابوے نے 7 وکٹ پر 266 رنز بنائے، اس دوران اس نے افغانستان کی پہلی اننگز کی برتری کو اتار دیا ہے، اب وہ مدمقابل ٹیم سے 8 رنز آگے ہوگئی ہے۔


دوسری اننگز میں زمبابوے کی طرف شان ولیمز 106 اور ٹریپانو 63 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں، پہلی اننگز میں مدمقابل ٹیم کی 4 وکٹیں اپنے نام کرنے والے راشد خان نے دوسری باری میں 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کردیا۔

چوتھے دن زمبابوے نے بغیر کسی نقصان کے 24 رنز سے اپنی اننگز آگے بڑھائی، 44 پر پہلی اور 46رنز پر دوسری وکٹ گر گئی۔

زمبابوے کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرنے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا،  کیون کسوزا 30، سکندر رضا 22، مسورے اور مساکاڈزا 15،15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر زمبابوے کی 7 وکٹیں 142 رنز پر گر گئیں، ایسے میں کپتان شان ولیمز اور ٹریپانو نے افغانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا۔

ولیمز نے ٹیسٹ کئیریر کی چوتھی سنچری بنائی اور دن کے اختتام تک وکٹ پر موجود رہے جبکہ اُن کا ساتھ ٹریپانو ناقابل شکست 63 رنز کے ساتھ دے رہے ہیں، دونوں کھلاڑیوں نے اس دوران 124 رنز کا اضافہ کرلیا ہے۔

زمبابوے نے دن کے اختتام پر 7 وکٹ پر 266 رنز بناکر 8 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے تاہم اس کی میچ پر گرفت فی الحال ڈھیلی ہے۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے 9 وکٹیں اپنے نام کرلی ہیں۔

زمبابوے اور افغانستان کے درمیان جاری ٹیسٹ میچ جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین