• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاہ فام جارج فلوئیڈ کے لواحقین کیلئےسوا4ارب روپے معاوضہ

واشنگٹن ( جنگ ڈیسک) امریکی ریاست مینی سوٹا کے شہر منیاپولس میں پولیس کی ایک کارروائی میں سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے تقریباً ایک سال بعد اس کے اہل خانہ کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (4ارب 24 کروڑ ساڑھے 3 لاکھ پاکستانی روپے) معاوضے کے طور پر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سٹی کونسل نے اس ریکارڈ معاوضے کو متفقہ طور پر منظور کیا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس 25 مئی کو جارج فلوئیڈ کی ایک پولیس اہل کار کے ہاتھوں موت کے بعد اس کے خاندان نے شہری انتظامیہ اور اس کارروائی میں ملوث 4 پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کروایا تھا۔ میڈیا کے مطابق سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کے اہل خانہ اور منیاپولس شہر کی انتظامیہ کےدرمیان تصفیہ ہوا ہے۔ قتل میں نامزد پولیس کے سابق افسر کے ٹرائل کے لیے جیوری تشکیل دی جا رہی ہے، جس میں 29 مارچ سے شروع ہونے والی سماعت کے لیے 12 میں سے 6 ججوں کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ جارج کے اہلخانہ کے وکلا کا کہنا تھا کہ انتہائی غلط موت کے کیس میں سب سے بڑا پری ٹرائل تصفیہ ہمیشہ سیاہ فاموں کو ایک طاقتور پیغام دے گاکہ سیاہ فاموں کی زندگیاں بھی معنی رکھتی ہیں، اس لیے نسلی بنیاد پر لوگوں کے خلاف پولیس کا ظلم ختم ہونا چاہیے۔
تازہ ترین