رکن پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ نون کی رہنما حنا پرویز بٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گل کو انڈے مارے جانے پر کہا کہ اندازہ نہیں تھا کہ اتنی جلدی بدلہ لے لیا جائے گا۔
حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں گزشتہ دنوں احسن اقبال کو جوتا مارنے اور مریم اورنگزیب کو دھکا دینے کے واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اندازہ نہیں تھا کہ شاہد خاقان، مصدق ملک اور مریم اورنگزیب پر حملے کا اتنی جلدی بدلہ لے لیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ کلچر تم لوگوں نے شروع کیا اب بھگتو۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل پر لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں دو انڈے اور سیاہی پھینکی گئی، شہباز گل کے ماتھے اور ہاتھ پر سیاہی لگی۔
شہباز گل نے کہا کہ اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی پھینکی ہے، یہ غنڈہ گردی ہے، ہم ایک تھپڑ کےجواب میں دس تھپڑ نہیں ماریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک گالی کےجواب میں دس گالیاں بھی نہیں دیں گے۔ غنڈہ گردی کی تربیت نہیں دیں گے، سیاست کریں گے۔
شہباز گل نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے میں بالکل ٹھیک ہوں۔