• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوہر خان پر مقدمے کے بعد اداکارہ کی ٹیم کی وضاحت

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز بھارتی اداکارہ گوہر خان کے خلاف قرنطینہ توڑنے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کے بعد اب اداکارہ کی ٹیم کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ گوہر خان کورونا میں مبتلا ہونے کے باوجود قرنطینہ میں رہنے کے بجائے فلم کی شوٹنگ پر گئی تھیں اور اس وجہ سے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔اب گوہر خان کی ٹیم کی جانب سے اس معاملے کی وضاحت کی گئی ہے اور انہوں نے بتایا کہ اداکارہ گوہر خان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور وہ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے تمام تر اصولوں کو اپنا رہی ہیں۔گوہر خان کی ٹیم نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ تمام لوگ جو اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں ان کے لیے یہ تازہ ترین رپورٹ ہے کہ گوہر کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گوہر خان قانون کی پاسداری کرنے والی شہری ہیں اور وہ بی ایم سی کے تمام اصولوں کی تعمیل کرتی ہیں، ہماری اپیل ہے کہ ان تمام قیاس آرائیوں کو ختم کریں کیونکہ گوہر بی ایم سی کے ساتھ تعاون کر رہی ہیں۔علاوہ ازیں گوہر خان کی ٹیم کی جانب سے بھارتی میڈیا سے درخواست کی گئی کہ وہ ان تمام قیاس آرائیوں میں شامل نہ ہوں اور گوہر کے جذبات کا احترام کریں،10دن پہلے ہی ان کے والد کا انتقال ہوا ہے۔

تازہ ترین