گزشتہ سال اس دُنیا سے رخصت ہوجانے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی وہ تصویریں منظر عام پر آگئیں جب اُنہوں نے اپنے بیٹے بابیل خان کو کاپی کرنے کی کوشش کی تھی۔
بابیل خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے والد عرفان خان کی کچھ یادگار تصویریں شیئر کی ہیں جن میں اداکار اپنے بیٹے کی طرح دِکھنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اُن کے بیٹے بابیل خود کو والد کے روپ میں ڈھال رہے ہیں۔
عرفان خان کے بیٹے نے تصویریں شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں بتایا کہ ’یہ تصاویر سال 2016 اور 2017 میں لی گئی تھیں۔‘
بابیل نے بتایا کہ ’اُس وقت عرفان خان اُن کی طرح نظر آنے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ وہ اپنے والد کی طرح دکھنے کی کوشش کر رہے تھے یعنی دونوں ہی ایک دوسرے کو کاپی کررہے تھے۔‘
عرفان خان اور بابیل کی ان نایاب تصاویر کو اداکار کے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔
بابیل خان اکثر اپنے مرحوم والد کی یاد میں سوشل میڈیا پر اُن کی زندگی کے قیمتی لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔