صدر پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کے روز مجلس ترقی ادب لاہور کے وفد سے ملاقات کی۔
مجلس ترقی ادب لاہور کے وفد میں منصور آفاق ڈائریکٹر مجلس ترقی ادب لاہور، ڈاکٹر سلیم مظہر پرو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی لاہور اور اختر شمار چیئرمین شعبۂ اُردو ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور شامل تھے۔
ملاقات میں شامل ارکان نے جناب صدر عارف علوی کو بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی لاہور اور مجلس ترقی ادب لاہور یونیسکو (UNESCO) کی طرف سے لاہور کو ’’ادبی شہر‘‘ قرار دیئے جانے کے موقع پر 20، 21، 22 مئی 2021ء کو ایک بین الاقوامی ’’لاہور ادبی میلہ‘‘ اور ’’ادبی کانفرنس‘‘ منعقد کرنے جا رہے۔
یہ ادبی میلہ پنجاب یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس میں منعقد کیا جائے گا لیکن اس کے اثرات پورے شہر میں دکھائی دیں گے، اولڈ کیمپس کی عمارت کو رنگ و نور سے مہکا دیا جائے گا اور نظم اور غزل کے مشاعرے اپنا رنگ جمائیں گے۔
شاعر مشرق علامہ اقبال، غالب اور دیگر شعرائے کرام کی شاعری پر کی گئی مصوری کی نمائش بھی کی جائے گی، غزل کی گائیکی بکھیرے گی، قوالی کی دھمال پر دھول اُڑے گی، تمام شہر میں بل بورڈ لگوائے جائیں گے۔
اس موقع پر کتابیں اور بروشر بھی شائع کیے جائیں گے، اس ادبی میلے کے کچھ اجلاس نیو کیمپس اور الحمرا میں بھی منعقد ہوں گے، اس ادبی کانفرنس میں نہ صرف ملک بھر کے ادیب و شاعر شرکت کریں گے بلکہ بیرون ملک سے بھی ادبی شخصیات شرکت کریں گی۔
صدرِ پاکستان جناب ڈاکٹر عارف علوی کو لاہور ادبی میلے اور بین الاقومی کانفرنس کے پروگرام کی تفصیلات بتائی گئیں ، پروگرام میں شرکت کی دعوت بھی دی گئی جو اُنہوں نے بخوشی قبول کر لی۔