• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کی مکمل ویکسینیشن نہیں ہوئی تھی، نیشنل ہیلتھ سروسز


وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان  جب کورونا میں مبتلا ہوئے اس وقت ان کی مکمل ویکسی نیشن نہیں ہوئی تھی۔

نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو ویکسین کی پہلی خوراک محض دو روز قبل دی گئی، کوئی بھی ویکسین اتنی جلدی اثر نہیں کرتی۔

وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے دو سے تین ہفتے بعد اینٹی باڈیز بنتی ہیں۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان گھر سے ویڈیو کال پر تمام میٹنگز اور دیگر امور جاری رکھیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے 18 مارچ کو عالمی وبا کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی تھی۔

وزیر اعظم نے قوم سے اپیل کی تھی کہ کورونا وبا کی تیسری لہر کے پیش نظر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز مالاکنڈ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب بھی کیا تھا۔

تازہ ترین