• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹک ٹاک اسٹار کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر کی شادی کی تقریبات کا آغاز


جنت مرزا کے بعد پاکستان کی دوسری ٹاپ ٹک ٹاک اسٹار کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے۔

کنول آفتاب نے اپنی مایوں اور مہندی کی تقریب کی تصاویر اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی اسٹوری میں شیئر کیں۔

انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کی گئی تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنول آفتاب پیلے رنگ کے روایتی مایوں کے لباس میں ملبوس ہیں جبکہ اُن کے دونوں ہاتھوں میں ٹک ٹاک اسٹار ذوالقرنین سکندر کے نام کی مہندی لگی ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ کنول آفتاب نے اپنی مہندی کی تقریب کی تصویریں اور ویڈیوز بھی انسٹا اسٹوری میں شیئر کیں جن میں اُنہوں نے خوبصورت لباس زیب تن کیا ہوا ہے۔

دوسری جانب ذوالقرنین سکندر نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری میں اپنی مایوں کی تقریب کی تصویریں شیئر کیں۔

تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ذوالقرنین سکندر نے سفید لباس زیب تن کیا ہوا ہے اور اُن کے چہرے پر اُبٹن بھی لگا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ کنول آفتاب اور ذوالقرنین سکندر قریبی دوست ہونے کے ساتھ ہی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے مقبول ترین ٹک ٹاکرز بھی ہیں۔

ٹک ٹاک ماڈل کنول آفتاب کے مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر 12 اعشاریہ 1 ملین فالوورز ہیں جبکہ ذوالقرنین سکندر کے ٹک ٹاک فالوورز کی تعداد 11 اعشایہ 6 ملین ہے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی کنول آفتاب ناصرف ایک ٹک ٹاک اسٹار ہیں بلکہ وہ گزشتہ کچھ سالوں سے ایک نجی ویب چینل پر میزبانی کے فرائض بھی سرانجام دے رہی ہیں۔

دوسری جانب ذوالقرنین سکندر نے 2018 میں اپنے دوستوں کے ہمراہ ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانے کے ذریعے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور پھر تھوڑے ہی عرصے اپنی جاندار اداکاری کی بدولت مقبول ہو گئے۔

تازہ ترین