پاکستان کے معروف نو بیاہتا اداکار عثمان مختار نےمداحوں کی جانب سے پوچھے گئے متعدد سوالات کا سوشل میڈیا پر جواب دیا ہے جس میں اُنہوں نے اپنی شادی سے متعلق بھی بات کی ہے۔
پاکستان کے معروف اداکار عثمان مختار کی جانب سے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر ’سوالات و جوابات سیشن‘ سے متعلق ایک اسٹوری لگائی گئی جس میں اُنہوں نے اپنے مداحوں کو سوالات پوچھنے کا کہا۔
پھر کیا تھا عثمان کی جانب سے اسٹوری لگتے ہی مداحوں نے ہزاروں سوال پوچھ ڈالے جس میں سے چند سوالوں کے عثمان مختار کی جانب سے جوابات دیئے گئے۔
عثمان مختار کا خود سے متعلق پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اُن کی عمر 35 سال ہے اور اُنہیں پاکستان کا سب سے خوبصورت مقام چترال لگتا ہے اور اُن کی سب سے پسندیدہ غذا بریانی ہے۔
عثمان مختار کا معروف اداکارہ سجل علی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ’سجل علی ایک بہترین اداکارہ ہیں۔‘
نئے نویلے دُلہے عثمان مختار نے اپنی شادی سے متعلق سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ ’اُن کا صرف ابھی نکاح ہوا ہے، رخصتی ہونا باقی ہے جو کہ اس سال ہی میں متوقع ہے۔‘
اُنہوں نے مزید بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ سے ایک باہم دوست کے ذریعے ملے تھے، اُن کے اور اُن کی اہلیہ کے ایک دوست نے ہی اِن دونوں کو ملوایا تھا۔
ایک مداح کی جانب سے عثمان مختار سے شادی کے بعد کی تصویر پوسٹ کرنے کو کہا گیا جس پر اُنہوں نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک خوبصورت تصویر بھی انسٹا اسٹوری پر شیئر کی ہے۔