آپ آف لائن ہیں
اتوار27؍شعبان المعظم 1442ھ 11؍اپریل2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

رانی مکھرجی کا اداکارہ بننے کی خواہشمند لڑکیوں کو خاص مشورہ

بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکارہ رانی مکھرجی نے 2 دہائیوں سے زیادہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کرنے کے بعد ہونے والے اپنے تجربے کو شیئر کیا ہے۔

رانی مکھرجی کی جانب سے اداکارہ بننے کی خواہش مند لڑکیوں کوخاص مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

بالی ووڈ میں کریئر بنانے کی خواہاں لڑکیوں کو مشورے دیتے ہوئے رانی نے کہا ہے کہ ’میرا صرف ایک مشورہ ہوگا کہ فلم انڈسٹری میں اداکارہ بننا آسان نہیں ہے، یہ ایک بہت ہی مشکل پیشہ ہے جس میں شائقین آپ سے بہت ساری توقعات رکھتے ہیں جب آپ اسٹاربن جاتے ہیں۔‘

انہوں نےبتایا کہ ’اس کے علاوہ، مختلف قسم کی صورتحال میں کام کرنا آسان نہیں ہے، بے شک، اسکرین پر یہ سب بہت گلیمرس، بہت آسان اور عمدہ نظر آتا ہے، کچھ جگہیں جہاں پر ہم کبھی کبھی شوٹنگ کرتے ہیں بہت پر سکون اور خوبصورت نظر آتی ہیں لیکن حقیقت میں انڈسٹری میں کام کرنا بہت مشکل ہے۔‘

رانی نے مزید کہا کہ ’لہٰذا، اگر آپ واقعی سخت محنت کرنے کے لیے تیار ہیں اور آپ واقعی اداکاری کے شعبے کو پسند کرتی ہیں تو آپ کو قسمت آزمانی چاہیے، کسی اور وجہ سے نہیں کیونکہ کامیابی، گلیمر، نام اور شہرت تب ہی ملتی ہے جب شائقین آپ سے محبت کرتے ہیں۔‘ 

انہوں نے مزید کہا کہ ’سب سے پہلی اور اہم بات یہ ہے کہ بہت خلوص سے کام کریں تاکہ آپ زندگی بھر کے لیے وفادار پرستار حاصل کر سکیں۔‘

رانی نے حال ہی میں بالی ووڈ میں اپنے کریئرکے 25 سال مکمل کیے ہیں، رانی بلیک، یووا، بنٹی اور ببلی جیسی اور بہت سی فلموں میں عمدہ پرفارمنس کے لیے جانی جاتی ہیں۔

رانی مکھرجی نے اسکرین پر کچھ مشہور اور طاقتور خواتین کے کردار بھی ادا کیے ہیں۔

رانی مکھرجی آج بھی لاکھوں دلوں پر اپنی خوبصورت مسکراہٹ کی وجہ سے راج کرتی ہیں اگرچہ وہ حاملہ ہونے کے بعد ایک طویل عرصہ اسکرین سے دور رہی تھیں لیکن پھروہ فلم ’مردانی 2‘ کے ساتھ بڑی اسکرین پر واپس آئیں جس میں انہوں نے ایک مضبوط خاتون پولیس اہلکار کا کردار ادا کیا۔

اور اب اداکارہ اپنے مداحوں کو اپنی اگلی فلم ’بنٹی اور ببلی 2‘ میں نظر آئیں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید