• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہٹ اینڈ رن قاتل کو صرف 18 ماہ قید کی سزا دیئے جانے کیخلاف اپیل

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) کراچی کے ایک ہٹ اینڈ رن سے متاثرہ شخص کے قاتل کو صرف 18 ماہ قید کی سزا دیئے جانے کے بعد مقتول کی فیملی نے اپیل کر دی۔ پاکستانی کنبے نے ریسٹورینٹ کے مالک سید شیراز حیدر زیدی کی حادثہ میں ہلاکت کے بعد فرار ہونے والے 21 سالہ ڈرائیور کی سزا میں اضافے کی اپیل کی ہے، جس نے ’’ہٹ اینڈ رن‘‘ سے چند منٹ قبل منشیات استعمال کی تھی لیکن اسے صرف 18 ماہ جیل کی سزا دی گئی۔ گیری ہفنڈین اس وقت تیزرفتار ی سے گاڑی چلا رہا تھا جب اس نے 17مارچ ، 2019کو ورجینیا واٹر، سرےکے رہائشی سید زیدی کو اس کی بیوی اور دو بچوں کے سامنے کچل کر ہلاک کر دیا۔ اس ہفتے ریڈنگ کراؤن کورٹ میں اسے صرف 18 ماہ جیل کی سزا دی گئی اور متاثرہ فیملی نے کم سزا سنانے پر قلبی صدمہ کا اظہار کیا۔ سید زیدی کے اہل خانہ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ سیریل مجرم کو صرف 18 ماہ کے لئے جیل بھیجا گیا ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ چند مہینوں بعد ہی سڑکوں پر واپس آجائے گا۔ حیدر کے برادر نسبتی سید علی رضا زیدی نے آن لائن پٹیشن کے ذریعہ ایک مہم شروع کی، جس میں برطانوی پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اس قانون میں تبدیلی لائے جس سے مجرموں کو محض لفاضی کے ذریعے بچالیا جاتا ہے۔ متاثرہ شخص کا اصل تعلق کراچی سے تھا جہاں اب بھی اس کا زیادہ تر خاندان رہتا ہے۔ سید شیراز حیدر زیدی کچھ سال قبل برطانیہ منتقل ہوئے تھے اور ریستوراں کا ایک کامیاب کاروبار چلا رہے تھے۔

تازہ ترین